گرجر تحریک پرتشدد،پولس کی گاڑیاں نذر آتش

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-February-2019

بھرت پور،(یو این آئی) راجستھان میں پانچ فیصد ریزرویشن کی مانگ پر بھرت پور ڈویزن کے سوائی مادھو پور ضلع میں گرجر تحریک اتوار کو پرتشدد ہوگئی۔ دھول پور میں مہاپنچایت کے بعد گرجر تحریک کاروں نے این ایچ 3 پر مچ کنڈ چوراہا کو جام کردیا۔ جام ختم کرانے کیلئے جب پولس فورس وہاں پہنچی تو تحریک کاروں نے پولس پر سنگ باری شروع کردی۔ تحریک کاروں نے اسی پر اکتفا نہیں کیا پولس کی تین گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا۔ تشدد پر آمادہ تحریک کاروں کو منتشر کرنے کیلئے پہلے تو پولس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے اور بعد میں ہوائی فائرنگ بھی کی۔ اس دوران آدھا درجن پولس اہلکار اور کچھ تحریک کار بھی زخمی ہوگئے۔ تقریباََ ڈیڑھ گھنٹے تک ہائی وے جام رہا۔ حالانکہ پولس نے جام ختم کرواکر ٹریفک بحال کرائی ۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں دفعہ 144 کے تحت حکم امتناعی نافذ کردیا گیا ہے۔ ایس پی اجئے سنگھ کا کہنا ہے کہ اب حالات قابو میں ہے اور ٹریفک معمول کے مطابق ہوگئی ہے۔ دوسری طرف بوندی ضلع کے نینوا میں گرجروں نے مہا پنچایت کرنے کے بعد ہائی وے جام کردیا اور ہائی وے پر راجستھانی لوک گیت پر نوجوانوں نے رقص کرنا شروع کردیا اور حکومت مخالف نعرہ لگانے لگے۔ گرجر آرکشن سنگھرش سمیتی کے کنوینر کرنل کروڑی سنگھ بینسلا اور ترجمان شیلندر سنگھ نے کہا ہے کہ سوموار سے ریزرویشن تحریک پوری ریاست میں پھیل جائے گی اور آگے جو بھی ہوگا اس کی ذمہ داری حکومت کی ہوگی۔ ادھر دہلی سے لوٹنے کے بعد ریاست کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے شام میں اپنے وزراء اور افسران کے ساتھ میٹنگ کر کے حالات کا جائزہ لیا ہے۔ میٹنگ میں یہ طے کیا گیا کہ حکومت ایک بار پھر گرجر رہنمائوں کے سامنے مذاکرات کی تجویز رکھے گی۔ گرجر تحریک کے سبب مصروف ترین دہلی۔ممبئی ریل لائن پر درجنوں ٹرینوں کو روٹ تبدیل کرکے چلایا جارہا ہے جبکہ کئی ٹرینوں کو منسوخ یا جزوی طورپر منسوخ کیا گیا ہے ۔ ٹرین کے مسافروں کی سہولت کے لئے محکمہ ریلوے ہیلپ لائن نمبر جاری کرکے ٹرینوں کے بارے میں معلومات فراہم کررہا ہے۔