گپٹل کی مسلسل دوسری سنچری سے نیوزی لینڈ نے جیتی سیریز

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-February-2019

کرائسٹ چرچ، (یو این آئی ) زبردست فارم میں چل رہے اوپنر مارٹن گپٹل (118) کی مسلسل دوسری سنچری سے نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو دوسرے ون ڈے میں ہفتہ کو آٹھ وکٹ سے ہراکر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔بنگلہ دیش کی ٹیم 49.4 اوور میں 226 رنز پر ڈھیر ہو گئی جبکہ نیوزی لینڈ نے 36.1 اوور میں دو وکٹ پر 229 رنز بناکر یکطرفہ کامیابی حاصل کر لی۔ گپٹل نے محض 88 گیندوں پر 14 چوکے اور چار چھکے اڑاتے ہوئے 118 رنز کی میچ فاتح اننگز کھیلی جس کے لئے انہیں مسلسل دوسرے میچ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ گپٹل نے نیپئر میں پہلے ون ڈے میں ناٹ آوٹ 117 رن بنا کر نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے جیت دلائی تھی اور دوسرے ون ڈے میں بھی انہوں نے 118 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے جیت دلائی۔ دلچسپ حقیقت یہ رہی کہ گپٹل نے اپنی 16 ویں ون ڈے سنچری 16 فروری کو بنائی ۔ گپٹل کو ہندستان کے خلاف حالیہ سیریز میں مسلسل جدوجہد کرنا پڑی تھی اور ہندستان کے خلاف چار ون ڈے میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 15 رنز رہا تھا لیکن بنگلہ دیش کے خلاف انہوں نے مسلسل دو سنچری بنا ڈالی ہیں۔گپٹل نے ہنری نکولس کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے 45 رن اور کپتان کین ولیمز (ناٹ آؤٹ 65) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 143 رن جوڑے۔ نکولس نے 23 گیندوں میں 14 رنز اور ولیمسن نے 86 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 65 رنز بنائے۔ راس ٹیلر نے 20 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 21 رن بنائے۔اس سے پہلے بنگلہ دیش کی اننگز میں محمد جیمنی نے 57، شبیر رحمان نے 43، مشفق الرحیم نے 24 اور سومیا سرکار نے 22 رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے 43 رن پر تین وکٹ، ٹاڈ ایسلے نے 52 رن پر دو وکٹ اور جیمز نیشام نے 21 رن پر دو وکٹ لئے۔