احتجاج کے باعث فرانسیسی صدارتی محل کے راستے سیل، محراب آزادی پر پولیس تعینات

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-March-2019

پیرس،(پی ایس آئی)فرانس میں آج بروز اتوار زرد صدری تحریک کی طرف سے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد نے صدارتی محل شانزلیزا کے داخلی راستے سیل کر دئے ہیں۔ مظاہرین کو روکنے کے لیے پولیس نے اہم مقامات پر پوزیشنیں سنبھال لی ہیں اور پیرس کی مشہور زمانہ یادگار’محراب آزادی’ پر بھی پولیس کے مسلح دستے تعینات کیے گئے ہیں،پیرس میں ‘العربیہ’ کے نامہ نگار کے مطابق زرد صدری تحریک کی طرف سے اتوار کو مظاہروں کی کال کے بعد دارالحکومت پیرس بالخصوص صدارتی محل اور دارالحکومت کے دائیں اور بائیں اطراف اور اہم مقامات پر پولیس اور فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ہفتے کے روز فرانسیسی وزیراعظم ایڈورڈ فلپ نے پیرس میں پولیس ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا۔ وزیرداخلہ کریسٹوف کاسٹانیز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم اور وزیرداخلہ نے زرد صدری تحریک کے مظاہرین کی طرف سے احتجاج کی کال کے بعد دارالحکومت میں سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ امن وامان برقرار رکھنے کے لیے ہرممکن اقدامات کریں۔