الٹو کار ،اپاچی سمیت 19کارٹن غیر ملکی شراب ضبط

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-March-2019

دربھنگہ، (عبدالمتین قاسمی )پریس کی اسٹیکرلگی ایک الٹو 800کار سے اتوار کی سہ پہر منی گاچھی پولیس نے چھاپہ ماری کرکے9 1؍کارٹن شراب برآمد کیا۔ چھاپہ ماری میں منی گاچھی تھانہ صدر رنجیت کمار، باجد پور اوپی انچارج امریندر کما ر امر کے علاوہ درجنوں بھر پولیس اہلکار شامل تھے ۔ تھانہ انچارج رنجیت کمار کے مطابق پریس اسٹیکر لگی کار سے شراب منی گاچھی میں بھیجے جانے کی خفیہ اطلاع پر بھنڈار سی ایم پنچایت کے جے نگر گاؤں میں پولیس اہلکار کے ساتھ دن کے تقریبا تین بجے چھاپہ ماری کی گئی ، چھاپہ ماری کے دوران پریس اسٹیکر لگی کار کو دیکھا گیا جو پولیس کی گاڑی دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کرنے لگی ۔ پولیس نے تعاقب کرکے اسے دبوچ لیا اورجب اس کی تلاشی لی تو اس سے 3کارٹن میکڈ ویل شراب برآمد ہوئی ۔ ڈرائیور سمیت کار (JH02AJ4070) کو ضبط کرلیا اور ڈرائیور سے سختی سے پوچھ گچھ کرنے پر اس نے مقامی دھندے بازوں کو شراب دینے کی بات قبول کرلی ۔ فوری طور پر اس کی نشاندہی پر گیہوں کے کھیت سے 16کارٹن کل 19کارٹن شراب برآمد کرنے میں کامیاب رہی ۔ قابل ذکر ہے کہ دھندے بازوں کو خفیہ طریقہ پر شراب بھیجا جاتا ہے ۔ کھیت میں رکھی گئی شراب کی تین نابالغ بچے پہرہ داری کررہے تھے جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔تینوں جے نگر گاؤں کے ہی ہیں ۔ اس چھاپہ ماری میں ایک اپاچی موٹر سائیکل بھی ضبط کی گئی ۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ آگے کی کاروائی کی جارہی ہے ۔