آلمائٹی انٹر نیشنل سوسائٹی (رجسٹرڈ) مالیرکوٹلہ کی جانب سے دو روزہ قومی سیمینار بعنوان ’’مشرقی پنجاب میں اردو‘‘کا انعقاد

Taasir English News Network | Uploaded on 15-March-2019

مالیرکوٹلہ (پریس ریلیز؍ظہور) آلمائٹی انٹر نیشنل سوسائٹی (رجسٹرڈ) مالیرکوٹلہ کی جانب سے دو روزہ قومی سیمینار بعنوان ’’مشرقی پنجاب میںاردو ‘‘ قومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان،نئی دہلی کے مالی تعاون سے آبان پبلک اسکول ،آبان روڈ، بیرون مانا پھاٹک، مالیرکوٹلہ میں منعقد کیا گیا۔ چار سیشن پر مشتمل اس دو روزہ قومی سیمینار کے افتتاحی اجلاس کی صدارت معروف شاعر و نقاد جناب ڈاکٹر محمد رفیع ،جناب ظہور احمد ظہور چیئرمین اردو رابطہ کمیٹی پنجاب اور جناب انسپکٹر محمد حبیب نے فرمائی۔مہمان خصوصی دلی یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے استادجنا ب ڈاکٹر مشتاق عالم قادری اور جناب ڈاکٹر مجاہد الاسلام شعبہء اردو، مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی ، لکھنؤ کیمپس ،لکھنؤتھے۔بیجز کی رسم کے بعد سالک جمیل براڑ نے مہمان گرامی جناب ڈاکٹرمشتاق عالم قادری، جناب ڈاکٹر مجاہد الاسلام لکھنئو، جناب ،جناب غلام نبی کمار دہلی،جناب محمد یوسف رامپوری رامپور،جناب رضوان احمد،جناب عبدالباری،جناب بشیر چراغ سری نگراورجناب ذکی طارق غازی آبادی کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہدالاسلام نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو اردو زبان پڑھانی چاہئے ۔انھوں نے مزید کہا کہ اردو کے ذریعے آپ آسانی سے روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔ان کے بعد مہمان خصوصی جناب ڈاکٹرمشتاق عالم قادری نے اس دوروزہ قومی سیمینار کے عنوان کے متعلق گفتگو کی۔ انھوں نے پنجاب کے تاریخی و ادبی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے پنجاب کی اردو کے تئیں خدمات کو خوب سراہا۔ اس کے بعد آلمائٹی انٹر نیشنل سوسائٹی (رجسٹرڈ)مالیرکوٹلہ کی جانب سے ڈاکٹر مشتاق عالم قادری کو ان کی فروغ اردو کی کوششوں کیلئے ’’ڈاکٹر علامہ اقبال ایوارڈ‘‘اور جناب یوسف رامپوری کو ان کی تنقیدی خدمات کے لئے ’’الطاف حسین حالی ایوارڈ‘‘ پیش کئے گئے۔جناب ظہور احمد ظہور نے مشرقی پنجاب میں فروغ اردو کے تعلق سے کئی اہم مشورے پیش کئے۔ جناب انسپکٹر محمد حبیب نے آئے ہوئے سبھی مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مشرقی پنجاب میں اردو کے ذریعے روز گار حاصل کرنا بہت آسان ہے۔سیمینار کے دوسرے اجلاس کے صدور میں جناب نور محمد نور،جناب شفیق احمد، جناب رشید ملک اورمحترمہ لیاقت نسیم شامل تھے۔اس سیشن میں ڈاکٹریوسف رامپوری، محترمہ لیاقت نسیم صاحبہ،رضوان احمد،ذکی طارق اور مشتاق عالم قادری نے اپنے مقالات پیش کئے۔ پنجابی کے شاعر و تاریخ داںجناب نور محمد نورنے اردو اور پنجابی کے رشتے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اردو کتب کی مددسے پنجابی میں تاریخ کی کتب تحریر کی ہیں۔سیمینار کے تیسرے اجلاس کے صدور میںجناب انوار آذر،،جناب پروفیسرمحمود عالم،جناب ساجد اسحاق،جناب ذکی طارق اور مہمان خصوصی میں محترمہ رینو بہل اور ایم انور انجم تشریف فرما تھے۔اس اجلاس میںجناب پرنسپل محمد اشرف،جناب غلام بنی کمار اور جناب ڈاکٹر مجاہدالاسلام نے مقالات پیش کئے۔ ڈاکٹر رینو بہل، ایم انوار انجم اور ذکی طارق نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سیمینار کے اختتامیہ اجلاس کے صدورمیںجناب ڈاکٹر محمد ایوب خان، جناب مشتاق عالم قادری اورمکرم سیفی شامل تھے جبکہ مہمان خصوصی جناب بشیر چراغ اور جناب غلام نبی کمارتھے۔اس سیشن میں سالک جمیل براڑ، ڈاکٹر محمد اسلم، شفیق احمداوربشیر چراغ نے اپنے مقالات پیش کئے۔ڈاکٹرمشتاق عالم قادری نے بطور ایکسپرٹ سیمینار پر مجموعی تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی پنجاب میں اردوکا مستقبل روشن ہے اور روشن رہے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سیمینار میںجہان مشرقی پنجاب میں زبان و ادب کے حوالے سے بات ہوئی ہے وہیں مشرقی پنجاب میں فروغ اردو کے مسائل و سائل پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ بلاشبہ اکیسویں صدی میں ایک بار مشرقی پنجاب میں اردو پڑھنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔اختتام پر سالک جمیل براڑنے مہمانوں اورحاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مالیرکوٹلہ کی عوام نے ہمیشہ کی طرح آج بھی یہاں تشریف لاکر اپنی ادب نوازی کا ثبوت دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ موضوع بلکہ نیا تھا جس پر کام ہونا ضروری تھا تا کہ مشرقی پنجاب کے نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی ہو اور ان کو اردو دنیا میں روشناس کروایا جاسکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ آلمائٹی انٹرنیشنل سوسائٹی (رجسٹرڈ) مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامز منعقد کرتی رہے گی۔