بی جےپی ذات پات کی بنیاد پر انتخابات جیتتی ہے:مایاوتی

Taasir English News Network | Uploaded on 15-March-2019

لکھنؤ،(یواین آئی)بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کی صدر اور اترپردیش کی سابق وزیراعلی مایاوتی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی)پر الزام لگایا ہے کہ وہ ذات پات،فرقہ وارانہ اور غریب مزدور مخالف ہے۔مایاوتی نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ بی جےپی ’سام ،دام ،دنڈ،بھید‘ جیسے ہتھکنڈوں کا استعمال کرکے انتخابات میں جیت حاصل کرتی ہے۔بی ایس پی کی صدر نے جمعرات کو ریاست کے دارالحکومت میں پارٹی کے ریاستی اور اور بلاک سطح کے عہدے داران کی میٹنگ میں یہ بات کہی۔انہوں نے میٹنگ میں پارٹی کے امیدواروں کے ناموں کو بھی حتمی شکل دی۔محترمہ مایاوتی نے پارٹی عہدے داروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جےپی سے پورا ملک پریشان ہے اور اس کے تاناشاہی حکومت سے لوگ نجات چاہتے ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ ملک اوراترپردیش میں بی جےپی کی حالت کافی خراب ہے اور اسےمرکز میں اقتدار ہاتھ سے جانےکا ڈر ستا رہاہے۔بی ایس پی صدر نے بی جےپی کو جھوٹے وعدے کرنے میں سب سے اول بتایا اور کہا کہ مرکز میں اس کے پانچ سال کی حکومت کے دوران ملک کی 130کروڑ عوام مہنگائی ،غریبی اور بے روزگاری کی مار جھیلتی رہی ہے۔انہوں نے اس میٹنگ میں سماجوادی پارٹی(ایس پی)کے ساتھ اتحاد کے بارے میں عام لوگوں کی رائے کے بارے میں بھی عہدے داروں سے پوچھا۔محترمہ مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی اور ایس پی کی قیادت کی اپیل کا عوام پر بہتر اثر پڑا ہے اور متحد ہوکر بی جےپی کو مرکز کے اقتدار سے باہر کا راستہ دکھانے میں اس سے مدد ملےگی۔