ترکی کے نائب صدرشہداء کے لواحقین سے تعزیت کیلئے پہنچ گئے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-March-2019

ویلنٹن ؍ انقرہ ( آئی این ایس انڈیا ) کرائسٹ چرچ کی دو مسجدوں پرسفاکانہ دہشت گردی کے حملے کے بعد ترکی کے نائب صدر فواد اوکتائے اور وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کل کرائسٹ چرچ پہنچ گئے ہیں۔پچاس افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے اس حملے کے بعد کئے جانے والے اس دورے میں حملے میں زخمی ہونے والے ترک شہری ذکریا تویان کے والد اور بھائی بھی نائب صدر اور وزیر خارجہ کے ساتھ اسی طیارے میں سوار تھے۔سفر کے دوران نائب صدر فواد اوکتائے اور وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے متاثرہ کنبے کی حال پر سی اوران کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کی،اور صدر ایردوان کی طرف سے سلام پہنچا کر تعزیت مسنونہ پیش کی ۔صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اوکتائے اور چاوش اولو نے کہا کہ حکومت حالات پر بغور نگاہ رکھے ہوئے ہے اور زخمیوں کے لئے ہر طرح کی امداد فراہم کئے گئے ہیں۔وفد نے استنبول سے کرائسٹ چرچ تک بغیر وقفے کی ساڑھے 19 گھنٹے تک پرواز کی جو طویل ترین پرواز کی حیثیت سے عالمی سول ایوی ایشن کی تاریخ کا حصہ بن گئی ہے۔نیوزی لینڈ پہنچنے پر ویلنگٹن میں ترکی کے سفیر احمد ایرگین نے کرسٹ چرچ ائیرپورٹ پر اوکتائے اور چاوش اولو کا استقبال کیا۔بعد ازاں انہوں نے نیوزی لینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز اور وفود کے مابین مذاکرات میں شرکت کی۔توقع ہے کہ نائب صدر فواد اوکتائے اور وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کل جائے وقوعہ کا دورہ کریں گے اور حالات کا جائزہ لیں گے۔ترک وفد زخمیوں کی مزاج پرسی کرے گا اور مسلمانوں کے نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقات کرے گا۔واضح رہے کہ دہشت گردی کے حملے سے متعلق تبادلہ خیال کے لئے منعقدہ پریس کانفرنس میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے ترکی سے وفد کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔آرڈرن نے کہا تھا کہ مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ تعاون کی خاطر ترکی سے وفد کی آمد پر ہمیں مسرت ہے۔ ترکی کی اکثریتی آبادی مسلمان ہے۔