جھوٹ اور جعل سازی پر سوار ہے کانگریس:جیٹلی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-March-2019

نئی دہلی،(یواین آئی)بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے کانگریس پر لوک سبھا انتخابات میں ووٹروں کو متاثر کرنے کےلیے جھوٹ اور جعل سازی کا سہارا لینے کا الزام لگایا۔مسٹر جیٹلی نے اپنے فیس بک پیج پر ایک مضمون میں کہاکہ لوک سبھا کے آئندہ انتخات میں ووٹروں کو متاثر کرنےکےلیے کانگریس جھوٹ اور جعل سازی پر سوار ہوگئی ہے ۔انھوں نے الزام لگایاکہ کانگریس فرضی اور بناوٹی کاغذات تیار کررہی ہے اور انھیں بھارتیہ جنتاپارٹی کےسینئر لیڈر بی ایس یدیورپا کی ڈائری بتارہی ہے ۔بی جےپی لیڈر نے کہاکہ ایک ٹی وی چینل اور ایک اخبار نے بھی ان کاغذات کو جھوٹا اور فرضی قراردیاہے ۔انھوں نے کہاکہ اگر شائع کرنا اظہار رائے کی آزادی کا حصہ ہے تو عزت ووقارکے ساتھ زندگی گزارنا بھی جینےکے حق کا اہم حصہ ہے ۔مرکزی وزیرنے کہاکہ روایتی پرنٹ میڈیا نے اپنا معیار قائم رکھاہے لیکن سوشل میڈیا نے سبھی معیار ات کو بالائے طاق رکھ دیاہے۔مسٹر جیٹلی نے کہاکہ سیاست دانوں سے زیادہ ووٹر سمجھدار ہیں اور ان سے تو زیادہ عقلمندہیں جو جھوٹ اور جعل سازی کے رتھ پر سوار ہیں ۔انھوں نے ٹویٹ کر کے کہاکہ اظہار رائے کی آزادی کےنام پر فرضی دستاویزات کی بنیادپر الزام لگانا وقار کے منافی ہے۔یہ دوسال پرانی دستاویزات ہیں جو منظر عام پر آچکی ہیں اور انھیں پھر سے پیش کرنا مضحکہ خیز ہے ۔مسٹر جیٹلی نے کہا،’’ اس یدی یورپا ڈائری کودیکھئے ، یہ ہندستاں کے وقار کے منافی ہے کہ کچھ میڈیا ادارے اس کے مواد کو پھر سےاستعمال کررہے ہیں ۔میڈیا اداروں کو جھوٹ پھلانےکے لیے اظہار رائے کی آزادی کا ناجائز استعمال نہیں کرناچاہئے ۔ مرکزی وزیرنےکہاکہ یہ مبینہ کا غذ یا دستاویز مسٹر بی ایس یدیورپا سے نہیں لیے گئے ہیں ۔یہ دستاویزٹیکس چوری کے ملزم کانگریس کے لیڈر ڈی کےکمار کے یہاں سے ایک چھاپے کے دوران برآمد کی گئی ہیں اور اسکی معتبریت کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے ۔مرکزی وزیر نے کہاکہ دوسال پرانی دستاویزکو پھر سے شائع کرنا کسی بھی طرح سے صحیح نہیں ہے ۔اسکی بنیاد پر بی جے پی لیڈروں پر رشوت کے الزامات لگائے جارہےہیں ۔