دنیا میں ہندستان کا اثر بڑھ رہا ہے: مودی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-March-2019

پٹنہ (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس پر صرف ’ کنبہ‘ کے مفادات کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ مرکز کی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے) حکومت میں جہاں دنیا میں ہندستان کا اثر بڑھ رہا ہے وہیں کانگریس کے دور اقتدار میں ملک کی حکومت کس طرح چلی یہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔

مسٹر مودی نے یہاں تاریخی گاندھی میدان میں ہلکی بوندہ باندی کے درمیان این ڈی اے کی سنکلپ ریلی کے دوران اپنے خطاب میں جہاں دہشت گردی کے خلاف فوج کی بہادری کا ذکر کیا وہیں سعودی عرب کے شہزادہ محمد بن سلیمان کی حال ہی میں ہوئے ہندستان کے دورہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شہزادہ کو بتایا کہ ہمارا ملک تیزی سے ترقی کررہا ہے اور درمیانی طبقہ کا دائرہ بڑھ رہا ہے۔ بڑی تعداد میں مسلمان بھائی حج کرنے کے لئے مکہ ۔مدینہ جانا چاہتے ہیں۔ اس لئے ہندستان کا کوٹہ بڑھایا جانا چاہئے ۔ اس پر شہزادہ نے فوراََ ہی ہندستان کے لئے حج کا کوٹہ بڑھا کر دو لاکھ سالانہ کردیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے شہزادہ کو بتایا کہ روزی روٹی کی تلاش میں سعودی عرب جانے والے ہندستانی غریب طبقہ کے اور ناسمجھ ہوتے ہیں۔ ایسے میں ان سے چھوٹی موٹی غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ اس سے ان غریب لوگوں کو سعودی عرب میں سز اکے طورپر جیل ہوجاتی ہے۔ اس لئے ایسے کام کاجی لوگوں کے مفاد میں سوچے جانے کی ضرورت ہے۔ اس پر شہزادہ نے ان سے شام تک کا وقت مانگا۔ اس کے بعد راشٹرپتی بھون میں عشائیہ کے دوران شہزادہ سلیمان نے ان کے پاس آکر کہاکہ مٹھائی کھلائیں ۔ پوچھنے پر انہوں نے کہاکہ انکی حکومت نے سعودی عرب کی جیل میں بند 850ہندستانیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔