راہل کے پاس امیٹھی کے لئے وقت نہیں ملک کے لئے کیا کریں گے: اسمرتی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-March-2019

امیٹھی: (یواین آئی) مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے اتوار کو کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی کے پاس اپنے پارلیمانی حلقے امیٹھی کے مسائل اور حلقے کی ترقی کے لئے وقت نہیں ہے تو وہ ملک کا کیسے بھلا کریں گے۔

مرکزی وزیر نے یہاں منعقد ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2014 کے عام انتخابات میں پیپری گاؤں کے لوگوں نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا تھا کیونکہ کٹان کی وجہ سے ان کے کھیت سیلاب زدہ تھے لیکن مسٹر گاندھی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی تھی۔ایسے رکن پارلیمان سے لوگ کیا امید کرسکتے ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی بھلے ہی امیٹھی میں انتخاب ہار گئی تھی لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کی جیت کے بعد بی جے پی کارکنوں نے ریاست کی اس وقت کی حکومت سے پیپری گاؤں کے باشندوں کے مسائل پر غور کرنے کی درخواست کی تھی لیکن لکھنؤ میں اقتدار کی کرسی پر بیٹھے لوگوں کو پیپری باشندوں کی کوئی فکر نہیں تھی۔

انہوں نے وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر گاندھی نے محترمہ نرملا سیتا رمن کو غلط الفاظ سے ملقب کیا اس کے باوجود وہ ان کے پارلیمانی حلقے امیٹھی تشریف لائیں۔ اس کے لئے وہ ان کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’’ امیٹھی تیار ہے، ایک بار پھر مودی سرکار ہے۔ امیٹھی کی للکار اب کی بار ایک بار پھر مودی سرکاری‘‘۔

اس موقع پر وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے کہا کہ چھوٹے کاروباریوں کے فلاح کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومت مدد کرے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں سے رائفل فیکٹری کے لئے روس سے سمجھوتہ ہوا ہے۔ ان کی کوششوں سے دنیا بھر میں مشہور کلاشنکو کی جدید اے کے۔230 رائفل بنانے کا کام امیٹھی میں شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان روس سمجھوتہ کے تحت امیٹھی ساڑھے سات لاکھ رائفل بنائی جائیں گی ۔ اس موقع پر انہوں نے روس کے صدر پوتن کا مبارک بادی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔