سمجھوتہ ایکسپریس تین مارچ سے پھر شروع ہوگی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-March-2019

نئی دہلی (یو این آئی) دہلی اور لاہور کے مابین چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین تین مارچ کو پاکستان کے لئے روانہ ہوگی اور اگلے روز وہاں سے ہندستان کے لئے روانہ کردی جائے گی۔

وزارت ریلوے نے سنیچر کو اس سلسلہ میں جاری ایک سرکلر میں کہاکہ پاکستان چار مارچ سے ٹرین نمبر 14608سمجھوتہ ایکسپریس کا آپریشن بحال کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی گاڑی نمبر 14001/14002اٹاری اسپیشل ایکسپریس کو بھی تین مارچ سے دوبارہ چلانے کو منظوری دی گئی ہے۔

سمجھوتہ ایکسپریس تین مارچ کو ہندستان سے پاکستان کے لئے روانہ ہوگی اور پھر چار مارچ کو یہ ٹرین وہاں سے ہندستان واپسی کے لئے روانہ کردی جا ئے گی۔

پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد دونوں ممالک کے مابین کشیدگی میں اضافہ کے درمیان پاکستان نے اپنے علاقہ میں اس ٹرین کے داخلے کی اجازت نہیں دی تھی جس کی وجہ سے جمعرات کو ہندستان نے تین مارچ تک اس ٹرین کے آپریشن کو منسوخ کردیا تھا۔ ریلوے نے اس سلسلہ میں جاری سرکلر میں کہا تھا کہ ہندستان اور پاکستان کے مابین ہفتہ میں دو دن چلنے والی ٹرین 14001/14002دہلی اٹاری دہلی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کو تین مارچ تک منسوخ کردیا گیا ہے اور ریلوے بورڈ نے اس ٹرین کو منسوخ کرنے کو منظوری دی ہے۔