سکھ رام اپنے پوتے کے ساتھ کانگریس میں واپس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-March-2019

نئی دہلی(یو این آئی) لوک سبھا الیکشن سے ٹھیک پہلے سابق وزیر مواصلات سکھ رام آج اپنے پوتے آشرے شرما کے ساتھ دوبارہ کانگریس میں شامل ہوگئے۔مسٹر سکھ رام نے کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں مسٹر آشرے سرما کے ساتھ رکنیت حاصل کی۔ اس موقع پر پارٹی کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا ‘ جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال اورپارٹی کی ہماچل پردیش یونٹ انچارج رجنی پاٹل موجود تھیں۔مسٹر سکھ رام نے نامہ نگاروں سے کہا کہ وہ بنیادی طورپر کانگریسی خاندان سے ہیں اور یہ گھر واپسی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں کسی سے ناراضگی نہیں ہے ۔ وہ پورے خلوص کے ساتھ پارٹی کے لئے کام کریں گے۔ کانگریس میں شامل ہونے سے پہلے مسٹر سنگھ رام نے مسٹر گاندھی کے علاوہ سابق صدر سونیا گاندھی سے بھی ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق مسٹر آشرے شرما کو ہماچل پردیش کی منڈی سیٹ سے کانگریس کی ٹکٹ مل سکتی ہے۔مسٹر سکھ رام نے کہا ’’ میں مسٹر گاندھی سے دو ماہ پہلے بھی ملا تھا اور ان کی اس بات سے متاثر ہوا تھا کہ ہمارے سیاسی نہیں خاندانی رشتے ہیں۔ میں اپنے گھر آیا ہوں اور پوری زندگی کانگریس میں گذاری ہے ۔ اب زندگی کے اس موڑ پر کسی سے ناراضگی نہیں ہے۔‘