عالمی کپ سے پہلے بلے بازی، بولنگ میں سدھار کی ضرورت: ارون

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-March-2019

نئی دہلی،(یو این آئی ) ٹیم انڈیا کے بولنگ کوچ بھرت ارون نے قبول کیا ہے کہ انگلینڈ میں ہونے والے عالمی کپ سے پہلے کچھ ایسے شعبے ہیں جن میں سدھار کی ضرورت ہے۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 2-2 کی برابری ہو جانے کے بعد ہندستانی ٹیم بدھ کو یہاں کوٹلہ فیروز شاہ میدان میں پانچویں اور فیصلہ کن میچ میں اترے گی۔ ہندستانی ٹیم نے پانچویں میچ کے موقع پر کوٹلہ میں مشق نہیں کی اور آرام کرنا بہتر سمجھا۔بولنگ کوچ بھرت ارون نے منگل کو کوٹلہ میدان میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ ٹیم نے آج پریکٹس نہیں کی۔ دراصل ہم نے مسلسل میچ کھیلے ہیں اور ٹیم کی مصروفیت کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں نے پریکٹس نہیں کی۔ ہم کل کے فیصلہ کن مقابلے کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پرتازہ دم رہنا چاہتے ہیں۔ ٹیم کو موہالی میں چوتھے میچ میں 358 رن بنانے کے باوجود شکست پر ارون نے تسلیم کیا کہ اب بھی کچھ ایسے شعبے ہیں جن میں عالمی کپ سے پہلے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سریز سے کو کافی کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ ہمیں بیٹنگ اور بولنگ دونوں ہی شعبوں میں عالمی کپ سے پہلے سدھار کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اس دوران اپنے تمام کمبی نیشن کو آزمایا ہے۔ہم تمام اختیارات کو تلاش کر رہے ہیں تاکہ عالمی کپ سے پہلے کوئی کمی نہ رہ پائے ۔ ہمیں عالمی کپ کے لیے انگلینڈ کے حالات کے پیش نظر ایک متوازن ٹیم منتخب کرنی ہے اس لئے ہمیں اس سیریز میں اپنے تمام اختیارات کا استعمال کیا۔ انگلینڈ کے حالات ہندستان کے حالات سے مختلف ہوں گے اور ہمیں اسی بات كو ذہن میں رکھ کر ٹیم منتخب کرنی ہے۔ موہالی میں 358 جیسے بڑے اسکور کا دفاع نہ کر پانے پر گیند بازوں کی کارکردگی کو لے کر بولنگ کوچ نے کہاکہ اگر آپ گزشتہ چند برسوں میں ٹیم کی بے پناہ کامیابی کو دیکھیں تو 75 فیصد شراکت بولروں کی رہی ہے۔ گزشتہ میچ کو ایک رعایت فرض کر سکتے ہیں۔ مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ اس طرح کی چیز عالمی کپ سے پہلے اب آ گئی ہے جس سے ہمیں اس میں سدھار کرنے کا موقع ملا۔ ارون نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ہندوستانی گیند بازوں کی کارکردگی موہالی میں توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ انہوں نےکہ ہم سب اوس کے بارے میں جانتے ہیں اور اسے کوئی بہانہ نہیں بنایا جا سکتا۔ ہمیں ماننا ہوگا کہ گیند بازوں نے اپنی منصوبہ بندی کو صحیح طریقے سے انجام نہیں دیا۔ لیکن ہم اس میں بہتر کر سکتے ہیں۔ تیز گیند باز محمد سمیع کو فٹ بتاتے ہوئے ارون نے کہاکہ ہم نے احتیاط برتتے ہوئے سمیع کو چوتھے میچ میں نہیں كھلايا۔ لیکن وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔ ہندستانی ٹیم کے مسئلے پر ارون نے کہاکہ ہم سب متبادل کو برابر آزما رہے ہیں۔ کپتان وراٹ کوہلی تیسرے نمبر پر بہت کامیاب ہیں، وجے شنکر چوتھے نمبر پر کھیلیں گے یا نہیں یہ ابھی طے نہیں ہے۔ وجے کو اب تک ہم نے جس مقام پر اتارا ہے انہوں نے خود کو ثابت کیا ہے۔ وہ بولنگ میں 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ رہے ہیں جو تسلی بخش ہے۔ میں ایک بار پھر کہنا چاہتا ہوں کہ تمام اختیارات کو دیکھنے کے بعد ہی ہم ٹیم کو منتخب کریں گے ۔