فنچ کے بہترین سنچری سے آسٹریلیا کو 2-0 کی برتری

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-March-2019

شارجہ،(یو این آئی ) کپتان آرون فنچ (ناٹ آؤٹ 153) کے کیریئر کی بہترین اننگز اور عثمان خواجہ (88) کے ساتھ 209 رنز کی اوپننگ شراکت کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں آٹھ وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔آسٹریلیا کی ون ڈے میں یہ مسلسل پانچویں جیت ہے۔ اس سے پہلے اس نے ہندستان کے دورے میں مسلسل تین میچ جیت کر ون ڈے سریز 3-2 سے اپنے نام کی تھی۔ پاکستان نے محمد رضوان کے 115 رنز کی بدولت 50 اوور میں سات وکٹ پر 284 رن بنائے جبکہ آسٹریلیا نے 47.5 اوور میں دو وکٹ پر 285 رن بنا کر جیت حاصل کر لی۔فنچ کو ناٹ آؤٹ 153 رنز کی اننگز کے لئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا ہے۔ فنچ نے 143 گیندوں میں 11 چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ یہ ان کی 13 ویں سنچری ہے۔ فنچ کے ساتھ اوپننگ بلے باز خواجہ نے 109 گیندوں کی اننگز میں آٹھ چوکے لگا کر 88 رن بنائے۔ پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ یاسر شاہ کو ملا۔فنچ نے اس میچ میں بھی پاکستانی گیند بازوں پر خوب ہاتھ صاف کیے اور 143 گیندوں پر 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 153 رنز بنائے ۔شارجہ میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔پاکستان کے لیے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا تاہم امام الحق صفر کی خفت سے دوچار ہوکر رچرڈسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔شان مسعود اور حارث سہیل نے دوسری وکٹ کے لیے35رنز جوڑے جس کے بعد شان مسعود19رنز بناکر رچرڈ سن کا دوسرا شکار بنے۔حارث سہیل اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کے لیے52رنز جوڑے جس کے بعد حارث سہیل 34رنز بنا کر فنچ کا شکار بن گئے ۔عمر اکمل ایک بار پھر لمبی باری کھیلنے میں ناکام رہے اور16رنز بنا کر لیون کا شکار بنے۔شعیب ملک اور محمد رضوان نے پانچویں وکٹ کے لیے127رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور اس دوران انہوں نے اپنی کیریئر کی 44ویں نصف سنچری اور رضوان نے پہلی سنچری بھی مکمل کی جس کے بعد شعیب ملک60رنز بنا کر زمپا کا شکار بنے۔محمد رضوان 11 چوکوں کی مدد سے115رنزا سکورکرکے کولٹر نائل کی گیند پر میکسویل کے شاندار کیچ کے نتیجے میں پوویلین لوٹے۔فہیم اشرف 14رنز بنا کر کولٹرنائل کا دوسرا شکار بنے۔عماد وسیم 19رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنا کر آسٹریلیا کو گزشتہ میچ کی طرح نسبتاً آسان ہدف دیا۔