منی لانڈرنگ کے کیس میں رابرٹ واڈرا کی ضمانت میں 19 مارچ تک توسیع

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-March-2019

نئی دہلی (یو این آئی) دارالحکومت کی ایک عدالت نے منی لانڈرنگ کے معاملے میں سماعت کرتے ہوئے رابرٹ واڈرا کی ضمانت کی مدت ہفتہ کے روز 19 مارچ تک بڑھا دی۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے الزام عائد کیا کہ رابرٹ واڈرا نے لندن میں پراپرٹي خریدنے کے لئے کروڑوں روپے کا استعمال کیا تھا اور اس معاملے میں منی لانڈرنگ قوانین کی دھجیاں اڑائی گئی تھیں۔

دوسری طرف رابرٹ واڈرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل قانونی ضابطوں پر عمل کرنے والے شہری ہیں اور جانچ ایجنسی نے جب بھی طلب کیا ہے، وہ پیش ہوئے ہیں۔

اس معاملے میں سماعت کرتے ہوئے خصوصی جج اروند کمار نے جانچ ایجنسی کو ہدایت دی ہے کہ وہ مسٹر واڈرا کے دفتر سے ضبط کاغذات انہیں سونپ دے کیونکہ جانچ ایجنسی ان سے مسلسل پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

اس سے پہلے خصوصی عدالت نے 16 فروری کو ان کی عبوری ضمانت کی مدت دو مارچ تک بڑھائي تھی۔ آج سرکاری اور دفاعی وکیل کی جرح سننے کے بعد عدالت نے ضمانت کی عبوری مدت 19 مارچ تک بڑھا دی اور تحقیقات میں تعاون کرنے کا حکم دیا۔