مودی دوبارہ وزیراعظم بنے تو ہندوستان دنیا کا سب سے طاقتور ملک بنے گا:شاہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-March-2019

حیدرآباد (یواین آئی)بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے تلنگانہ کے نظام آباد میں پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں پر شدید نکتہ چینی کی۔انہوں نے عادل آباد،کریم نگر ، نظام آباد ،ظہیر آباد او رمیدک کے پارلیمانی حلقوں پر مشتمل کلسٹر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ مودی بھاری اکثریت سے دوبارہ وزیراعظم بنیں گے۔انہوں نے دعوی کیا کہ نہ صرف بی جے پی کے لیڈران اور کارکن بلکہ کشمیر سے لے کر کنیا کماری تک ملک کے عوام چاہتے ہیں کہ مودی ملک کے مستقبل کے لئے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم بنیں ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کے عظیم اتحاد نے وزیراعظم کے امیدوار کے نام کا ہنوز اعلان نہیں کیا ہے،تاہم بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتیں اس بات پر مصر ہیں کہ مودی ایک مرتبہ پھر ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔شاہ نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی ملک کے مستقبل اور اس کی سلامتی کے لئے ضروری ہے۔پاکستان کے دہشت گردانہ کیمپس پر فضائیہ کے حملے پر اموات کے ثبوت کے مطالبہ پر کانگریس کے صدر راہل گاندھی ، مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتابنرجی اور عظیم اتحاد کے دیگر لیڈران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے یہ کہتے ہوئے مضحکہ اڑایا کہ پاکستان یا دہشت گردوں نے اموات کا کوئی ثبوت نہیں مانگا ۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت نے پلوامہ حملہ کا جواب فضائیہ کے حملہ کے ذریعہ دیا ۔ایسا کرتے ہوئے ہندوستان امریکہ اور اسرائیل کے بعد دنیا کا تیسرا ملک بن گیا جس نے دہشت گردانہ حملوں کے خلاف کارروائی کی ۔شاہ نے راہل گاندھی سے ان کے ایجنڈہ کے بارے میں پوچھا اور کہا کہ کانگریس نے 50سال تک کسانوں،غریبوں اور عوام کے دیگر طبقات کے لئے کچھ نہیں کیا وہ کام مودی حکومت نے 5برسوں میں کردکھایا۔انہوں نے کسانوں اور غریب عوام کیلئے مختلف اسکیمات بشمول ایل پی جی سلینڈرس ،بجلی اور نوجوانوں کے لئے مالی مدد کی اسکیمات کا حوالہ دیا۔انہوں نے حیدرآباد کے یوم آزادی کی تقریب سرکاری طورپر نہ منانے پر تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو پربھی شدید نکتہ چینی کی ۔