میں ون ڈے کرکٹ میں اناڑی نہیں: اشون

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-March-2019

ممبئی،(یو این آئی ) گزشتہ تقریبا دو سال سے ہندستانی محدود اوور کی ٹیم سے مکمل طور پرنظر انداز چل رہے آف اسپنر روی چندرن اشون نے کہا ہے کہ وہ اس فارمیٹ کے کوئی اناڑی کھلاڑی نہیں ہیں ۔تجربہ کار اور کامیاب گیند بازوں میں شامل اشون طویل عرصے سے ہندستان کی ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیموں سے باہر ہیں اور کپتان وراٹ کوہلی کلائی کے اسپنروں کلدیپ یادو اور يجویندر چہل پر زیادہ انحصار کر رہے ہیں۔ لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ بھی ایک سال تک محدود اوورز کی ٹیم سے باہر رہے تھے لیکن گزشتہ چند ماہ میں وہ چھوٹے فارمیٹ میں کھیل رہے ہیں۔عالمی کپ ٹیم کے لئے ان تین اسپنروں میں سے دو کا منتخب ہونا ہے اور اشون کی واپسی کی کوئی امید نہیں ہے۔ اشون آخری بار 2017 میں ویسٹ انڈیز میں انٹيگا میں کھیلے تھے۔ انہوں نے کہاکہ میں ٹیم سے اس لئے باہر نہیں ہوں کیونکہ میں خراب کھیل رہا ہوں بلکہ یہ طلب اور دستیابی کے مطابق چل رہا ہے۔ اشون گزشتہ کافی عرصے سے صرف ٹیسٹ ٹیم کا صرف ایک حصہ بن کر رہ گئے ہیں لیکن وہ خود کو صرف ٹیسٹ ماہر کھلاڑی نہیں مانتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں خود کو صرف ٹیسٹ کا کھلاڑی نہیں مانتا ہوں کیونکہ میں کوئی اناڑی نہیں ہوں۔ میں محدود اوور کی شکل میں کھیلا ہوں اور میرے ریکارڈ بھی بہت اچھے ہیں۔ یہ صرف سوچ ہے کہ کلائی کے اسپنر جدید دور میں محدود اوور میں اچھا کر سکتے ہیں اور شاید اسی لیے میں باہر بیٹھا ہوں۔ آخری ون ڈے میچ جو میں نے کھیلا تھا اس میں مجھے 28 رن پر تین وکٹ ملے تھے۔ تمل ناڈو کے کھلاڑی نے کہاکہ میں اگر اپنی کارکردگی کو دیکھوں تو میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ میں نے کیریئر میں اچھا مظاہرہ کیا ہے اور میں خراب کھیل کی وجہ سے باہر نہیں ہوں۔ میں نے سید مشتاق علی ٹورنامنٹ میں کھیلا ہے اور وہاں اچھی کارکردگی کی ہے ۔ میں کرکٹ کھیل رہا ہوں اور مجھے کسی ایک شکل میں مہارت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں اپنے حساب سے جو بہتر کر سکتا ہوں وہ کر رہا ہوں۔ ون ڈے میں جگہ بنانے کے لیے مختلف قسم کی بولنگ کی پریکٹس کو لے کر اشون نے کہاکہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ آپ بلے باز کو اندر یا باہر ہی گیند ڈال سکتے ہیں لیکن اس سے زیادہ ایک بولر کچھ نہیں کر سکتا ہے۔ میں اپنی موجودہ بولنگ میں اور تنوع لا رہا ہوں لیکن اس میں تبدیلی کی کوشش نہیں کر رہا کیونکہ یہی میری طاقت ہے۔ عالمی کپ ٹیم سے پہلے اپنی فٹنس پر توجہ دینے کو لے کر کپتان وراٹ کوہلی کے بیان کو لے کر اشون نے مانا کہ آنے والے آئی پی ایل ٹورنامنٹ میں بھی کھلاڑیوں کی فٹنس پر نظر رہے گی اور لیگ میں ان کی کارکردگی سے آگے کی تصویر صاف ہو پائے گی۔