نیوزی لینڈ میں ’بائکرز گینگ‘ مساجد پر پہرہ دیں گے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-March-2019

کرائسٹ چرچ،(پی ایس آئی)نیوزی لینڈ میں بڑی موٹر سائکلیں چلانے والے گروہ یا جنہیں عرف عام میں بائکرز گینگ کہا جاتا ہے، کہا ہے کہ وہ جمعہ کی نماز کے دوران مساجد کے باہر پہرہ دیں گے۔ کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر گزشتہ ہفتے ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد، جمعہ کو پہلی نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔مونگریل موب، کنگ کوبرا اور دی بلیک پاور نامی گروہوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں مقامی مسلمان برادریوں کی مدد اور تحفظ کریں گے۔کرائسٹ چرچ میں گزشتہ جمعہ کو دو مساجد پر ہونے والے حملے میں پچاس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔مونگریل موب کے صدر سونی فٹو نے کہا کہ وہ ہیملٹن شہر کی جامع مسجد کی حفاظت پر معمور ہوں گے۔ فٹو نے ایک خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کی اس وقت تک مدد کریں گے جب تک وہ چاہیں گے۔‘ ان کے مطابق ان کے گروہ کے لوگوں نے رابطہ کرکے بتایا تھا کہ مسلمانوں کمیونٹی کو جمعہ کی نماز کے دوران بعض خدشات کا سامنے ہے۔