وراٹ کی نمبر ۔1 ٹسٹ رینکنگ برقرار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-March-2019

نئی دہلی،(یواین آئی) ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے آئی سی سی کی تازہ جاری ٹیسٹ رینکنگ میں اپنی چوٹی کی پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اپنے دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔آسٹریلیا کے ساتھ ون ڈے سیریز کھیل رہے وراٹ بیٹنگ ٹیسٹ رینکنگ میں 922 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوٹی پر برقرار ہیں جبکہ ولیمسن ان سے 913 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ہندوستانی ٹیسٹ ماہر بلے باز چتیشور پجارا 881 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، معطل چل رہے آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ 857 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور نیوزی لینڈ کے ہنری نکولس 778 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ویلنگٹن ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنی 200 رنز کی اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر 11 مقام کی چھلانگ لگا کر 13 ویں جبکہ ہنری نکولس 107 رنز کی اننگز کی بدولت دو مقام اٹھ کر ٹیسٹ بلے بازوں میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ان کے 778 ریٹنگ پوائنٹس ہو گئے ہیں جو کیریئر کی بہترین درجہ بندی ہے۔ٹیسٹ گیند بازی رینکنگ میں ہندوستان کے دو تجربہ کار اسپنر لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ 794 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور آف اسپنر روی چندرن اشون 763 پوائنٹس کے ساتھ 10 ویں نمبر پر ہیں۔ ہندوستان کے ساتھ موجودہ ون ڈے سیریز میں آسٹریلیائی ٹیم میں شامل پیٹ کمنز 878 پوائنٹس کے ساتھ چوٹی کے گیندباز ہیں۔ویلنگٹن ٹیسٹ کے بعد گیندبازی کی رینکنگ میں ٹیلر، نکولس اور محموداللہ کو فائدہ ہوا ہے جبکہ نیل ویگنر کیریئر کی بہترین پانچویں رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے ویلنگٹن میں نو وکٹ حاصل کئے تھے جس کے بعد بنگلہ دیش اننگز اور 12 رنز سے میچ ہار گیا۔ 32 سالہ تیزگیندباز کو نہ صرف چھ مقامات کا فائدہ ہوا ہے بلکہ وہ 800 ریٹنگ کا ہندسہ پار کرنے والے نیوزی لینڈ کے تیسرے گیندباز بھی بن گئے ہیں۔ٹیلر کے اب 801 پوائنٹس ہیں جبکہ ان سے پہلے صرف ٹرینٹ بولٹ (825) اور رچرڈ ہیڈلی (909) نے ہی نیوزی لینڈ کی جانب سے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔