وزیراعظم غریبوں کے نہیں امیروں کے چوکیدار ہیں: راہل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-March-2019

پورنیہ : کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی نےانتخابی مہم کا آغاز بہار کے پورنیہ سے کردیا ہے۔ پورنیہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سمیت مرکزی حکومت کی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے بے روزگاری ، کسانوں کی قرض معافی اور رافیل کے بہانےپی ایم مودی کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی پہلے کہتے تھے کہ مجھے پی ایم بناؤ جو بھی چاہتے ہو مل جائے گا۔ اب کہتے ہیں کہ ہم سب چوکیدار ۔ چوکیدار غریبوں کے گھر میں ملتا ہے یاامیروں کے گھر؟ وہ ہیں چوکیدار مگر غریبوں کے نہیں انیل امبانی کے چوکیدار ہیں۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ برسوں سے پی ایم مودی نے فلاپ فلم چلائی ہے اور لوگ من کی بات سن سن کر تھک گئے ہیں۔ راہل گاندھی نے عوام سے اپیل کرتےہوئے کہا کہ اب انہیں بدلنے کاوقت آگیا ہے۔ راہل نے کہا کہ اس کیلئے آپ سبھی کاساتھ ضروری ہے۔ اس دوران کانگریس صدر نے دو ٹوک کہا کہ وہ بی جے پی ، پی ایم مودی یا آر ایس ایس سے نہیں ڈرتے، وہ صرف سچائی کو مانتے ہیں۔