ہندستان ہندوستان

ابو ظہبی کتاب میلے اور ثقافتی تقریبات میں قومی اردو کونسل کی باوقار شرکت

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uplo0aded on 23-April-2019

نئی دہلی(پریس ریلیز) دنیا کے سب سے بڑے اردو ادارے کی حیثیت سے قومی اردو کونسل کی شناخت مستحکم ہوچکی ہے۔ اب اس ادارے کی سرگرمیاں صرف ہندوستان تک محدود نہیں ہیں بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک سے کسی نہ کسی طور پر اس کا رابطہ قائم ہے۔ مجلات اور مطبوعا ت کی سطح پر قومی اردو کونسل پوری اردو دنیا سے جڑی ہوئی ہے۔ اس لیے یہ کہنے میں کوئی حرج نہیں کہ اردو ہے جہاں قومی اردو کونسل ہے وہاں۔ ان خیالات کا اظہار قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹرڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اردو ہندوستان کی زبان ہی نہیں یہاں کی تہذیبی پہچان بھی ہے۔ قومی اردو کونسل پوری دنیا میں اردو کے سفیر کی حیثیت سے یہاں کی تہذیبی پہچان اردو زبان کو پوری دنیا میں متعارف کرائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ قومی اردو کونسل دنیا بھر میں پھیلی ہوئی اردو برادری سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کرے گی۔ ابوظہبی کتاب میلے میں قومی اردو کونسل کی شرکت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ قومی اردو کونسل کی تاریخ میں پہلی بار کسی بیرونی ملک میں قومی اردو کونسل کے زیراہتمام ادبی تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں 24 تا 30اپریل 2019 تک کتاب میلے میں ’مہجری شعرا کی محفل شعر و سخن‘ اور ’محفل افسانہ‘ کے عنوان سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ 26اپریل کی شام کو محفل شعر و سخن میں مہجری شعرا— اعجاز شاہین، سرور نیپالی، شاداب الفت، جاوید صدیق اعظمی، یحییٰ بھوجپوری، سروش آصف، مادھو نور، شہباز شمسی، موسیٰ ملیح آبادی، ناصر نعیم، نیہا شرما اور ترنم احمد کے علاوہ عرب نژاد اردو شاعر زبیر احمد فاروق جہاں اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کریں گے وہیں 27اپریل کی شام محفل افسانہ میں: ملند ونود، نتن اپادھیائے، شاداب الفت، نیہا شرما، اصغر کمال، سالم ژیڈ خان اپنے افسانے سنائیں گے۔ محفل افسانہ کی صدارت بزرگ افسانہ نگار جناب رتن سنگھ فرمائیں گے۔ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ اس کتاب میلے کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے صد ر محمد بن زاید النہیان اور متحدہ عرب امارات میں ہندوستان کے سفیر مشترکہ طور پر کریں گے۔ نیشنل بک ٹرسٹ انڈیا اس میلے میں نوڈل ایجنسی کے طو رپر شرکت کررہی ہے جس میں پوری دنیا کے اہم اشاعتی ادارے مختلف موضوعات پر اپنی مطبوعا ت کے ساتھ شرکت کریں گے۔ اس موقعے پر ’ہندی اردو پنجابی ساجھی وراثت‘ کے عنوان سے ایک سمپوزیم بھی منعقد کیا جائے گا جس میں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر بطور خاص شریک ہوں گے۔ متحدہ عرب امارات کی سماجی تنظیم ’بزمِ اردو‘ کی جانب سے قومی اردو کونسل اور این بی ٹی کے سربراہان کے اعزاز میں 25اپریل کی شام کو ایک ادبی تقریب کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

About the author

Taasir Newspaper