Taasir Urdu News Network | Uplo0aded on 13-April-2019
کیونجھور(یو این آئی)بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر امت شاہ نے جمعہ کو اڈیشہ کے عوام سے اپنی پارٹی کے لیے ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اگر بی جے پی بر سر اقتدار آئی تو آئندہ پانچ سال میں ریاست ملک کی سرفہرست ریاست بن جائے گی ۔ کیونجھور میڈیکل کالج گراؤنڈ میں ’وجے سنکلپ‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے ریاست کی بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) حکومت کان مافیا کو بڑھاوا دینے اور چٹ فنڈ گھوٹالے میں شامل افراد کو بچانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے ڈی نے اپنے 19 برس کی حکومت میں ریاست کو بدعنوانی اورگھپلوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر کہا کہ 2005 سے 2014 کے دوران ریاست میں کان کے پٹے دینے میں جم کر بدعنوانی کی گئی ہے۔ اس بدعنوانی میں نوکر شاہ بھی شامل تھے لیکن نوین پٹنائک حکومت نے ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی ۔