اردوزبان کی شیرینی دنیا کی تمام زبانوں کے بولنے والوں کو اپنا ہم نوا بنا لے گی : ڈاکٹر شیخ عقیل احمد

Taasir Urdu News Network | Uplo0aded on 29-April-2019

ابوظہبی(پریس ریلیز) اردو کی نئی بستیوں میں مہجری ادیب اردو کے فروغ کے لئے جس طرح کوشاں ہیں اور جس طرح اپنی تخلیقات کی خوشبو پوری دنیا میں بکھیر رہے ہیں اسے مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ اردو زبان کی شیرینی اور مٹھاس دنیا کے تمام زبانوں کے بولنے والوںکو اپنا ہم نوا بنا لے گی اور وہ دن دور نہیں جب داغ دہلوی کایہ ترمیم شدہ مصرع سچ ہوجائے گا کہ ‘‘سارے جہاں میں دھوم ہماری زبان کی ہے’’۔ یہ باتیں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے ابو ظہبی عالمی کتاب میلے میں کل شام قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور نیشنل بک ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ شام افسانہ میں خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہیں۔انھوں نے متحدہ عرب امارات کے ادیبوں شاعروں اور اردوکے چاہنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ بین الاقوامی کتاب میلے میں عالمی سطح کا مشاعرہ، افسانہ خوانی اور سمپوزیم کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ہزاروں کی تعداد میں سامعین شریک ہوں گے۔ کل ابو ظہبی بین الاقوامی کتاب میلے میں قومی کونسل برائے فروغ اردوزبان اورنیشنل بک ٹرسٹ کے اشتراک سے ایک پروگرام ‘‘شام افسانہ’’ منعقد کیا گیا۔قومی اردوکونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے شامِ افسانہ میںشامل تمام افسانہ نگاروں اور سامعین کا خیرمقدم کیا۔ شام افسانہ کی صدارت ڈاکٹر سلیم خان نے کی جب کہ نظامت جناب سیدسروش آصف نے کی۔ جن افسانہ نگاروں نے شام افسانہ میں شرکت کی ان میں ڈاکٹر سلیم خان ، جناب شاداب الفت ، جناب ملند ونود ، جناب ڈاکٹر اصغر کمال، محترمہ نہا شرما، نِتن اُپادھیائے وغیرہ قابل ذکر ہیں۔اس پروگرام میں ڈاکٹر سلیم خان کے افسانوی مجموعہ‘‘چوسر کا محور’’کا اجرا بھی عمل میں آیا جو قومی اردو کونسل کی مالی امداد سے شائع ہواہے۔پروگرام کے آخر میں صدرمحفل ڈاکٹر سلیم خان نے اپنے صدارتی خطاب میں پڑھے گئے تمام افسانوں کا جائزہ پیش کیا۔شام افسانہ میں اردو کے تقریبا ایک سو ادیب موجود تھے۔ آخر میں کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹرشیخ عقیل احمد اور این بی ٹی کے پبلیکیشن آفیسر شمس اقبال صاحب نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ آج کی اس شام افسانہ میں متحدہ عرب امارات میں مقیم مہجری افسانہ نگاروں نے اپنے دلکش اور معیاری افسانوں سے سبھی سامعین کو محظوظ کیا۔ شام افسانہ کے انعقاد میں اراکین بزم اردو اور اس کے بانی و سکریٹری جناب ریحان خان اور شاعر و افسانہ نگار جناب شاداب الفت کا تعاون شامل رہا۔