جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے اتریں گے دہلی اور راجستھان

Taasir Urdu News Network | Uplo0aded on 22-April-2019

جے پور،(یو این آئی )اپنے اپنے پچھلے مقابلے جیت چکے دہلی کیپٹلس اور راجستھان رائلس پیر کو یہاں سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں ہونے والے آئی پی ایل -12 کے میچ میں جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کے ارادے سے اتریں گے۔دہلی نے ہفتہ کو اپنے گھر میں کنگز الیون پنجاب کو پانچ وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ راجستھان نے اپنے گھر میں ممبئی انڈینس کو پانچ وکٹ سے شکست دی تھی۔ دہلی ٹیبل میں 10 میچوں میں چھ جیت اور 12 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ راجستھان نو میچوں میں تین جیت اور چھ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔دہلی کو پلے آف میں جانے کے لئے اپنے باقی چار میچوں میں سے دو جیت کی ضرورت ہے۔ دہلی کا اس سیزن میں گھر کے مقابلے باہر ریکارڈ اچھا ہے۔ دہلی نے اب تک اپنے گھر میں پانچ میچوں میں سے دو جیتے ہیں جبکہ باہر اس نے پانچ میچوں میں چار جیتے ہیں۔ اس ریکارڈ کی بنیاد پر اس مقابلے میں دہلی کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے۔راجستھان کے سامنے اس وقت ہر میچ میں کرو یا مرو کی حالت ہے۔ اسے پلے آف میں جانے کے لئے اپنے تمام باقی پانچوں میچ جیتنے ہیں۔ ایک میچ بھی ہارنے کی صورت میں اس کی دعویداری خطرے میں پڑ جائے گی۔ راجستھان کو ممبئی کے خلاف میچ سے ٹھیک پہلے اپنا کپتان تبدیل کرنے کا فائدہ ملا اور اس نے ممبئی کو ہرا دیا۔راجستھان کے نئے کپتان بنے آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ 2017 کے سیزن میں بھی راجستھان کے کپتان تھے لیکن بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے انہیں 2018 میں آئی پی ایل سے ہی ہٹنا پڑا تھا۔ ان کی جگہ رہانے کو کپتان بنایا گیا تھا۔ رہانے کی اس سیزن میں کپتانی اور بلے بازی دونوں ہی اچھی نہیں رہی اور ٹیم مالکان نے انہیں آٹھ میچ کے بعد کپتانی سے ہٹا کر کپتانی واپس اسمتھ کو سونپ دی۔راجستھان رائلس کو اپنا کپتان تبدیل کرنے کا فائدہ ملا اور اس نے ممبئی کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر اپنی امیدوں کو روشن کیا۔ ممبئی کو پانچ وکٹ پر 161 رن پر روکنے کے بعد راجستھان نے ا سمتھ کے ناٹ آؤٹ 59 اور 17 سال کے نوجوان بلے باز ریان پراگ کی 43 رن کی بہترین اننگز سے پانچ وکٹ پر 162 رن بنا کر کامیابی حاصل کی۔دوسری طرف دہلی نے اپنے گھریلو فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں ہار کے سلسلے کو توڑنے میں کامیابی حاصل کی۔ نیپال کے لیگ اسپنر (40 رن پر 3 وکٹ) کی شاندار بولنگ اور اوپنر شکھر دھون (56) اور کپتان شریس ایر (ناٹ آؤٹ 58) بہترین نصف سنچریوں سے دہلی فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں اپنی ہار کے سلسلے کو توڑتے ہوئے پنجاب کو پانچ وکٹ سے شکست دی اور 12 پوائنٹس کے ساتھ اس نے پلے آف کے لئے اپنا دعوی مضبوط کر لیا۔ پنجاب نے سات وکٹ پر 163 رن بنائے جبکہ دہلی نے 19.4 اوور میں پانچ وکٹ پر 166 رن بنا کر جیت اپنے نام کی۔