راجستھان میںپولیس تشدد سے قیدی رمضان کی موت : ایس ڈی پی آئی کی مداخلت کے بعد 5پولیس اہلکار معطل

Taasir Urdu News Network | Uplo0aded on 30-April-2019

کوٹہ( پریس ریلیز) ۔ راجستھان ،باراں ضلع کے جیل میں سزایافتہ قیدی محمد رمضان عمر پچاس سال ، ساکن قصبہ منگرول کو کوٹہ کے میڈیکل کالج کے جیل میں علاج کے دوران پولیس کی مارپیٹ سے ہوئی موت کی مذمت کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی کے لیڈران اور کارکنان ظفر چشتی، مبارک حسین ،رفیق پٹھان نے پارٹی ذمہ دار محمد شعیب کی قیاد ت میں 26اپریل کو مورچر ی کے باہر تقر یبا3گھنٹے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایڈیشنل ایس پی راجیش سے احتجاجی مظاہرین نے بات چیت کرکے مطالبہ کیا کہ خاطی پولیس افسران پر فوری کارروائی کی جائے ۔ اس کے علاوہ پارٹی کے ذمہ داروں نے کوٹہ ضلعی کلکٹر کو مندرجہ ذیل مطالبات پر مشتمل ایک میمورینڈم سونپا ۔ 1)۔ خاطی پولیس افسران پر قتل کا مقدمہ درج کیا جائے، 2)۔خاطی پولیس اہلکار کو معطل کرکے ان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے،3)۔رمضان خان کے اہل خانہ کو 50لاکھ روپئے معاوضہ دیا جائے اور خاندان کے ایک فرد کو سرکار ی نوکری دی جائے۔ ایس ڈی پی آئی کے احتجاجی مظاہر ے اور میمورینڈم دینے کے بعد شہر ایس پی دیپک بھارگونے اتوار کو پانچ پولیس اہلکار جس میں ایک ہیڈ کانسٹبل اور چار کانسٹبل شامل ہیں ان کو معطل کیا ہے۔ اس ضمن میں ایس ڈی پی آئی کے ریاستی جنرل سکریٹری اشفاق حسین نے بتا یا کہ ملک بھر میں مسلم قیدیوں کے ساتھ پولیس اہلکاروں کا رویہ روز بروز بگڑتا جارہا ہے۔ مسلمانوں اور دلتوں کو پولیس اہلکار تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور ہمارے سامنے حراستی اموات کے سینکڑو ں و اقعات موجود ہیں۔ کوٹہ میں پولیس تشدد کی وجہ سے رمضان خان کی موت کی خبر سنتے ہی ایس ڈی پی آئی لیڈران اور کارکنا ن نے بر وقت مداخلت کرکے پولیس اور ضلعی انتظامیہ پر دبائو بنایا جس کی وجہ سے محمد رمضان خان کی پٹائی کرنے والے پانچ پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے۔ محمد اشفاق نے مزید کہا کہ ابھی صر ف پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے لیکن ایس ڈی پی آئی کا مطالبہ ہے کہ ان کو صرف ڈیوٹی سے معطل کئے جانے کی ساتھ ساتھ ان پر قتل کا مقدمہ درج کرکے ان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور محمد رمضان کے اہل خانہ کو 50لاکھ روپئے معاوضہ اور سرکاری نوکری دی جائے۔ محمد اشفا ق نے کہا ہے کہ اگر انتظامیہ ان مطالبات کو پورا نہیں کرے گی تو ایس ڈی پی آئی ریاست گیر احتجاجی مظاہرے کرے گی۔