علی اشرف فاطمی کا آرجے ڈی سے استعفیٰ، مدھوبنی سے لڑیں گے انتخاب

پٹنہ،16اپریل: عظیم اتحاد میں امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہونےکے باوجود اتحاد کی الجھنیں کم ہوتی نہیں دکھائی دے رہی ہیں۔ شمالی بہار میں آرجے ڈی کو اس وقت ایک بہت بڑا جھٹکا لگا جب پارٹی سے ناراض چل رہے ، سابق مرکزی وزیر اور دربھنگہ سے کئی بار ایم پی رہ چکے علی اشرف فاطمی نے پارلیمانی بورڈ کے رکن سمیت سبھی عہدوں سے استعفیٰ دے دیاہے۔ اس کا باضابطہ اعلان انہوں نے پریس کانفرنس کر کے کیاہے۔ واضح ہو کہ مدھوبنی لوک سبھا سیٹ کو لے کر عظیم اتحاد میں مہا بھارت جاری ہے۔ سیٹ شیئرنگ میں بھلے ہی مدھوبنی سیٹ وی آئی پی کے کھاتے میں گئی ہے۔ لیکن وہاں سے کانگریس اور آرجے ڈی کے دو بڑے سنیئر لیڈران انتخابی میدان میں تال ٹھوکنے کو تیار ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر شکیل احمد نے سوموار کو ہی پارٹی کے ترجمان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیاہے۔ آج ان کا مدھوبنی لوک سبھا سیٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا پروگرام ہے۔ وہیں آرجے ڈی کے قد آور لیڈرعلی اشر ف فاطمی 18اپریل کو مدھوبنی سیٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ انہوں نے واضح کردیاہے کہ وہ ہر حال میں 18 اپریل کو پرچہ داخل کریںگے۔ اس بیچ آرجے ڈی کے سینئرلیڈر اور حزب مخالف کے رہنما تیجسوی پرساد یادو نے پارٹی سے بغاوت کر انتخاب لڑنے کا اعلان کرنے والے سابق مرکزی وزیر علی اشرف فاطمی کو سخت وارننگ دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لیڈر پارٹی کے خلاف جاکر انتخاب لڑیں گے ان پر پارٹی سخت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مدھوبنی میں کوئی فرینڈلی فائیٹ نہیں ہے۔ فاطمی کا نام لئے بغیر تیجسوی نے کہا کہ جو لوگ مدھوبنی سے انتخاب لڑنے جارہے ہیں ان پر ایسی کارروائی ہوگی کہ 6سال تک پارٹی میں انہیں کوئی جگہ نہیں ملے گی۔