نوادہ میں دردناک سڑک حادثہ ،3افراد کی موت

نوادہ ،16اپریل:نوادہ میں منگل کو صبح ہوئے دردناک سڑک حادثے میں تین لوگوں کی موت ہوگئی جب کہ 5دیگر شدید طور پر زخمی ہوگئے سبھی زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیاہے۔ جن میں کئی کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ سوموار کو شیخ پورہ سے بارات نوادہ کے رجولی آئی تھی منگل کی صبح کچھ باراتی بولیروپر سوار ہوکر رجولی سے واپس شیخ پورہ جارہے تھے تبھی مفصل تھانہ کے مدھوبگہا گاؤں کے پاس این ایچ 31 پر تیز رفتار ہائیوا نے بولیروکو ٹکر ماردی جس میں بولیروکے پرخچے اڑگئے۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ موقع پر ہی 3لوگوں نے دم توڑ دیا۔ جب کہ 5دیگر زخمی ہوگئے ۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی موقع پر پہنچی پولس نے مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا۔ معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔