وزیر اعظم مودی نے کانگریس اور این سی پی کے راشٹر واد پر اٹھایا سوال

Taasir Urdu News Network | Uplo0aded on 13-April-2019

ممبئی، (ایجنسی): وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر کے احمد نگر میں ایک ریلی کے دوران کانگریس این سی پی اتحاد پر جم کر حملہ بولا۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں جہاں کسانوں کو ’سمان منصوبہ‘ کا فائدہ اٹھانے میں اپنی حکومت کی پیٹھ تھپتھپائی، وہیں این سی پی صدر شرد پوار کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شرد پوار کی پارٹی کا نام راشٹروادی صرف نام کے لئے ہی ہے۔ وہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا کام کر رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے تغلق روڈ الیکشن گھوٹالے کا بھی الزام لگایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 23مئی کو ملک میں پھر سے مودی حکومت بننے والی ہے۔جمعہ کو وزیراعظم نریندر مودی نے احمد نگر میں بی جے پی امیدوار سجے وکھے پاٹل کے انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23مئی کو دوبارہ مودی حکومت دہلی کے اقتدار پر قابض ہونے جا رہی ہے۔ حکومت کے بنتے ہی ’کسان سمان فنڈ‘ کے ذریعے کسانوں کو پیسہ بھیجنے کا کام تیز کیا جائے گا۔ این ڈی اے نے اس بار بڑے وعدے کئے ہیں۔ 23 مئی کے بعد جب پھر مودی حکومت آئے گی تو اس کے بعد پی ایم کسان منصوبہ میں وسیع پیمانے پرتبدیلی کیا جائے گا۔ اب پانچ ایکڑ سے کم زمیندار کسانوں کو ہی فائدہ ملتا ہے۔ 23 مئی کے بعد ملک کے اور مہاراشٹر کے تمام کسانوں کو بھی اس کا فائدہ ملے گا۔ کسانوں کو 60 سال کے بعد باقاعدہ پنشن دیے جانے کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ اس بارے میں اس سے پہلے کسی نے سوچا نہیں تھا۔جانورپالنے والوں کو بھی کسان کریڈٹ کارڈ کا فائدہ ملے گا۔مودی نے شرد پوار پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کیا کریں گے، جنہوں نے سالوں پہلے ملک کے جذبات کو سمجھنا ہی چھوڑ دیا ہے۔ اس بار تو حد ہی ہو گئی۔ کانگریس این سی پی ایسے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے جو کہہ رہے ہیں کہ جموں و کشمیر کو بھارت سے الگ کر دیں گے۔الگ وزیر اعظم بنا دیں گے۔ کانگریس سے کوئی امید نہیں ہے، کیونکہ یہ گناہ انہی کی دین ہے، لیکن شرد پوار کو کیا ہو گیا ہے۔ آپ نے تو کانگریس چھوڑ دی تھی، کانگریس توڑ دی تھی۔ اب ملک میں دو وزیر اعظم کی بات پر آپ کب تک خاموش رہیں گے؟ مودی نے کہا کہ جس کشمیر کے لئے ملک کے ہزاروں جوانوں نے قربانی دی کیا وہ کشمیر کے ٹکڑے ہونے دیں گے۔وہ جموں و کشمیر میں الگ پی ایم چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔شرد راؤ جی، آپ کی پارٹی کا نام توراشٹر وادی ہے، کیا یہ نام عوام کی آنکھ میں دھول جھونکنے کے لئے رکھا گیا ہے۔ چھترپتی شیواجی کی زمین کے ہوکر آپ کو نیند کیسے آ رہی ہے؟نریندر مودی نے کانگریس کی سابقہ حکومتوں پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کی حکومتیں کمزور تھیں، کئی بم دھماکے کے واقعات ہوئے ہیں۔ ان دہشت گردانہ حملوں میں ہمارے کسان، ہمارے جوان مارے گئے، عوام مارے جاتے تھے۔