ہندوستان کی مضبوطی میں آرایس ایس نہیں کانگریس کی قربانیاں

Taasir Urdu News Network | Uplo0aded on 24-April-2019

بھوپال،(یواین آئی)مدھیہ پردیش کی بھوپال پارلیمانی سیٹ سے کانگریس کے امیدوار اور سابق وزیراعلی دگوجے سنگھ نے آج ایک بار پھر راشٹریہ سویم سویک سونگھ(آر ایس ایس )پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی مضبوطی میں آر ایس ایس کی نہیں بلکہ کانگریس کی قربانیاں شامل ہیں۔انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جےپی جو ملک بنارہی ہے،اس میں شہیدوں تک کا احترام نہیں ہے۔مسٹر سنگھ نے صبح اپنے ٹویٹ میں کہا کہ شہید ہیمنت کرکرے کے خلاف آر ایس ایس کے لوگوں کے بیان سے واضح ہے کہ ان کےلئے ہندوستان ’ماں ‘ نہیں آر ایس ایس ہی سب کچھ ہے۔ ہندوستان کے شہید بھی اگر آر ایس ایس کو پسند نہیں تو وہ ’شیطان‘ ہیں۔ پرہم نے آر ایس ایس کانہیں آئین کا حلف لیا ہے۔ہم ’بھارت ماتا کے بھکت ‘ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج ایک مضبوط ملک ہے۔جس میں آر ایس ایس کی نہیں ،کانگریس کےلوگوں کی قربانیاں شامل ہیں۔مہاتما گاندھی، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی کی قربانیاں ہیں۔نہرو جی نے نئے ملک کے طورپر ہندوستان کی بنیاد رکھی۔اس میں آر ایس ایس کے شیاما پرساد مکھرجی کو بھی احترام دے کر شامل کیا،سب کو ساتھ لیا۔آپ جو ملک بنارہے ہیں،اس میں شہیدوں تک کا احترام نہیں ہے۔مسٹر سنگھ نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ مہاتما گاندھی ،اندرا گاندھی، راجیو گاندھی سے لے کر ہیمنت کرکرے تک سب آپ کے لئے بس سیاسی موضوع کیوں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیا ہندوستان صرف گزشتہ پانچ برسوں میں نہیں بنا ہے۔