دنیا بھر سے

امریکی سرکاری ملازمین کو عراق سے انخلا کا حکم

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-May-2019

بغداد/واشنگٹن،امریکہ نے عراق میں تعینات اپنے نان ایمرجنسی سفارتی عملے اور سرکاری اہلکاروں کو وہاں سے نکلنے کا حکم دے دیا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی حکومت نے یہ حکم عراق میں سرگرم ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں سے امریکی شہریوں کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر دیا ہے۔بغداد میں واقع امریکی سفارت خانے نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ سفارت خانے اور اربیل میں واقع قونصل خانے کے نان ایمرجنسی ملازمین کو محکمۂ خارجہ نے عراق سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔بیان کے مطابق عملے کے انخلا کی وجہ سے سفارت خانے اور اربیل کے قونصل خانے سے نارمل ویزوں کا اجرا عارضی طور پر معطل رہے گا۔تاحال یہ واضح نہیں کہ امریکہ اپنے کتنے اہلکار عراق سے واپس بلا رہا ہے۔ لیکن بیان میں کہا گیا ہے کہ جن اہلکاروں کو انخلا کا حکم دیا گیا ہے وہ فوری طور پر عراق چھوڑ دیں۔محکمۂ خارجہ کے ایک اہلکار نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ نان ایمرجنسی عملے کو عراق سے واپس بلانے کا فیصلہ سکیورٹی کی صورتِ حال کے جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔اہلکار کے بقول امریکی شہریوں کو عراق میں لاحق خطرہ سنگین نوعیت کا ہے اور عملے کو واپس بلانے کا مقصد یہ ہے کہ امریکہ کسی نقصان کے امکان کو کم سے کم کرنا چاہتا ہے۔اس سے قبل امریکی فوج نے منگل کو عراق میں تعینات اپنے فوجیوں پر ایران کی جانب سے حملوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔لیکن امریکہ کے قریب ترین یورپی اتحادی برطانیہ کے ایک سینئر فوجی کمانڈر نے ان خدشات پر شک کا اظہار کیاتھا۔ ایران نے امریکی فوج کے ان دعووں کو “نفسیاتی جنگ” کا ایک حربہ قرار دیا تھا۔امریکہ کے تمام اہم یورپی اتحادی اس پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ایران کے ساتھ اپنی محاذ آرائی کو ختم کرے اور کشیدگی بڑھانے سے گریز کرے۔ایران اور امریکہ کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی پر عراق کے وزیرِ اعظم عادل عبدالمہدی کا کہنا ہے کہ انہیں دونوں ملکوں کی قیادت سے جو اشارے مل رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ معاملہ جلد حل ہوجائے گا۔لیکن عراقی وزیرِ اعظم کے اس بیان کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان الفاظ کی جنگ جاری ہے اور دونوں ایک دوسرے کو کسی جارحیت کی صورت میں تباہ کن جواب دینے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

About the author

Taasir Newspaper