ہندستان ہندوستان

انتخابی کمیشن نے ووی پیٹ پرچیوں کو ملانے کی اپوزیشن کی عرضی خارج کی

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-May-2019

دہلی؍پٹنہ:پچاس فیصد وی وی پیٹ پرچیوں کو ملائے جانے کے اپوزیشن پارٹیوں کے مطالبے کو الیکشن کمیشن نے مسترد کیا اور کہا کہ جس حساب سے گنتی ہونی تھی ویسے ہی ہوگی اور اس میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔لوک سبھا انتخابات 2019 کے نتائج کا اعلان کل ہوگا۔ ووٹ شماری کا آغاز جمعرات کو صبح آٹھ بجے سے ہوگا اور نتائج کی تکمیل تک یہ عمل جاری رہے گا۔ انتخابی نتائج کے پیش نظر پولنگ سنٹروں اور حساس اضلاع میں سنٹرل پیرا ملٹری کی کمپنیاں اور پی اے سی کی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں ساتھ ہی پورے ملک میں نظم ونسق کو چست و درست رکھنے کے لئے وسیع ترانتظامات کیے گئے ہیں۔حتمی نتائج سے قبل تمام ایگزٹ پول میں بی جے پی اور ایس پی۔ بی ایس پی کے درمیان سخت مقابلے کی پیش قیاسی کے بعد تمام کی نگاہیں پورے ملک سے آنے والے ابتدائی رجحانات اور نتائج پر مرکوز ہیں۔اس بیچ راجدھانی پٹنہ سمیت ریاست کے سبھی ضلع ہیڈکوارٹر میں ووٹوں کی گنتی کی تیاری پوری کرلی گئی ہے۔ جہاں حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ادھر پٹنہ کے اے این کالج ووٹ شماری مرکز پر بھی ووٹ شماری کی تمام تیاریاں پوری کرلی گئی ہیں۔ اس مرکزپر پٹنہ صاحب اور پاٹلی پتر ا پارلیمانی حلقے کے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ضلع انتخابی افسر کم ضلع مجسٹریٹ کمار روی لگاتار کاؤنٹنگ سنٹر پر نظر بنائے ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ ایس ایس پی سمیت اعلیٰ افسران کاؤنٹنگ سنٹر کے علاوہ اطراف میں سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آسکے۔

About the author

Taasir Newspaper