کھیل

بنگلہ دیش کرکٹ اکیڈمی کے کوچ بنے وسیم جعفر

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-May-2019

ڈھاکہ،(یو این آئی ) ہندوستان کے سابق بلے باز اور گھریلو کرکٹ کے بادشاہ کہے جانے والے وسیم جعفر کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی اکیڈمی کا بلے بازی کوچ مقرر کیا ہے۔جعفر نے ہندستان کے لئے 31 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں انہوں نے پانچ سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں بنائیں ۔ انہوں نے دو ون ڈے مقابلے بھی کھیلے۔ وہ بنگلہ دیش کرکٹ اکیڈمی کے ساتھ سال میں چھ ماہ گزاریں گے۔41 سالہ کھلاڑی دراصل ڈھاکہ پریمیئر لیگ (ڈی پی جے) کھیلنے کے لئے دو ہفتے پہلے ڈھاکہ میں تھے۔ اس دوران بنگلہ دیش بورڈ کے حکام نے جعفر کو پریکٹس نیٹس پربلے بازی کرتے ہوئے دیکھا تھا۔ ان کی بلے بازی سے متاثر ہو کر بورڈ نے انہیں اکیڈمی کوچ بننے کی تجویز دی تھی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔حال ہی میں بنگلہ دیش کے کھلاڑی سومیہ سرکار نے جعفر کےساتھ نیٹس پر وقت گزارا تھا جس کی مدد سے انہوں نے ڈی پی جے لیگ کے ایک روزہ میچ میں ڈبل سنچری جڑ دی تھی۔سرکار نے جعفر کے بارے میں کہاکہ میں نے جعفر کو نزدیک سے بلے بازی کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ وہ شاندار تجربہ کار کھلاڑی ہیں ۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 40 ہزار سے زیادہ رن بنائے ہیں جس کا مطلب وہ واقعی میں لاجواب ہیں ۔اکیڈمی میں جعفر بنگلہ دیش کی انڈر -19، بنگلہ دیش اے اور سینئر ٹیم کو بھی تربیت دیں گے۔ یہ جعفر کا پہلا بین الاقوامی کوچنگ ذمہ ہو گا۔

About the author

Taasir Newspaper