کھیل

ریاض، عامر، آصف پاکستان کی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-May-2019

لاہور،(یو این آئی ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 30 مئی سے شروع ہونے جا رہے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے اپنی ٹیم میں وہاب ریاض کو شامل کیا ہے جنہوں نے دو سال پہلے اپنا آخری بین الاقوامی ون ڈے کھیلا تھا، اس کے علاوہ محمد عامر اور محمد آصف کو بھی 15 رکنی پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔گیند بازوں کی ناقص کارکردگی سے پریشان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کم اختیارات کے درمیان ریاض کو عالمی کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ کے لیے پھر سے اپنی قومی ٹیم میں شامل کیا ہے جن کا کیریئر ایک وقت مکی آرتھر نے تقریبا ختم کر دیا تھا۔پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پیر کو انگلینڈ اینڈ ویلز میں 30 مئی سے ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا جس میں وہاب کی واپسی کا فیصلہ بہت چونکانے والا رہا۔ جنید خان، فہیم اشرف اور عابد علی کو عالمی کپ ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے جو ایک ماہ پہلے تک ابتدائی ٹیم میں شامل کئے گئے تھے۔لیگ اسپنر شاداب خان پہلے سے ورلڈ کپ ٹیم پلان کا حصہ ہیں۔لیگ اسپنر شاداب خان کو ورلڈ کپ کے اعلان کردہ ابتدائی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاہم ہیپاٹائٹس کی تشخیص ہونے کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکے، ان کی جگہ یاسر شاہ نے پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ٹیم میں وہاب ریاض کی شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ہم نے وہاب ریاض کو بالکل نظر انداز نہیں کیا تھا۔وہاب ریاض کو انگلینڈ میں گیند کرنے کا بہت تجربہ ہے، انہیں شامل کر نے کا مقصد یہ ہے کہ وہ ریورس سوئنگ اچھی کرتے ہیں، ہمیں لگا کہ ٹیم کو وہاب ریاض کی ضرورت ہے۔انہوں نے محمد عامر کے حوالے سے بتایا کہ محمد عامر کا نام پہلے اعلان کردہ ٹیم میں نہیں تھا تاہم وہ سینئر بولر ہیں اور انہیں انگلینڈ میں کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے۔ان کا اکانومی ریٹ اچھا ہے اور اس وقت پاکستان کو تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہے۔محمد عامر اور وہاب ریاض کی شکل میں تجربے کا اضافہ ہوگا۔ عابد علی کو ڈراپ کئے جانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ عابدعلی کوورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کرنا آسان نہیں تھا۔ہمیں لگتا ہے کہ انگلینڈ میں بیٹنگ کے لیے وکٹیں اور بھی اچھی ہو جائیں گی۔انضمام الحق نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، عابد علی اور فہیم اشرف انگلینڈ میں ہی رہیں گے جنہیں بیک اپ کے طور پر انگلینڈ میں رکھا گیا ہے۔ٹیم کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہماری ٹیم نوجوانوں پر مشتمل ہے، جس کی کارکردگی خراب تو رہی ہے لیکن اسی ٹیم نے پاکستان کو کامیابیوں سے ہمکنار کیا تھا۔انہوں نے درخواست کی کہ ٹیم کی مثبت چیزوں کو بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تمام کھلاڑیوں کو حوصلہ ملے۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے پاکستانی ٹیم نے 24اور 26 مئی کو 2وارم اپ میچ کھیلنا ہے، 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں شیڈول میچ سے پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ٹیم اس طرح ہے:سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ ، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حارث سہیل، حسن علی، شاہین آفریدی، محمد عامر، وہاب ریاض اور محمد حسنین۔

About the author

Taasir Newspaper