کھیل

کارتک کو تجربے کی بنیاد پر پنت پر ترجیح دی گئی: وراٹ

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-May-2019

نئی دہلی، (یواین آئی) سابق ہندوستانی کپتان سوربھ گانگولی نے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو ورلڈ کپ ٹیم میں شامل کئے جانے کی زبردست وکالت کی تھی لیکن ورلڈ کپ کے لئے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کا خیال ہے کہ دنیش کارتک کو ان کے تجربے کی وجہ سے ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا۔آئی پی ایل -12 ختم ہونے کے بعد گانگولی نے پھر سے کہا تھا کہ پنت کو ورلڈ کپ ٹیم میں ہونا چاہئے تھا۔ یہاں یہ بھی قابل ذکر ہے کہ گانگولی آئی پی ایل میں دہلی كیپٹلس ٹیم میں پنت کے بطور مشیر تھے۔ورلڈ کپ ٹیم میں مہندر سنگھ دھونی پہلے وکٹ کیپر ہیں جبکہ کارتک کو ٹیم کےدوسرے وکٹ کیپر کے طور پر جگہ ملی ہے۔ آئی پی ایل کے دوران بھی اس بات پر بحث ہو رہی تھی کہ پنت کو ورلڈ کپ ٹیم میں ہونا چاہئے تھا۔اگرچہ اس معاملے میں چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے ٹیم کے انتخاب کے وقت ہی واضح کر دیا تھا کہ کارتک کو ان کے تجربے کو دیکھتے ہوئے منتخب کیا گیا تھا۔ہندوستانی کپتان وراٹ نے بھی اس معاملے پر واضح کیا ہے کہ تجربہ اور مشکل حالات میں تحمل کا مظاہرہ کرنے کی خوبی کے سبب کارتک کو پنت پر ترجیح دی گئی۔وراٹ نے کہا کہ کارتک کے پاس تجربہ ہے۔دباؤ کے لمحات میں بھی انہوں نے تحمل کا مظاہرہ کیاہے۔ اگر دھونی ٹورنامنٹ کے دوران زخمی ہو گئے تو کارتک وکٹ کے پیچھے ان کی جگہ بخوبی سنبھال سکتے ہیں۔ورلڈ کپ ٹیم میں کوئی بھی تبدیلی 23 مئی تک کی جا سکتا ہی لیکن ہندوستانی سلیکٹروں کے پنت کو 11 جولائی سے شروع ہونے والے ویسٹ انڈیز کے دورے کے لئے ہندوستان اے ٹیم میں وکٹ کیپر کے طور پر شامل کئے جانے سے ان کے ورلڈ کپ ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ختم ہوگیا ہے۔ہندوستان کی ورلڈ کپ کی 15 رکنی ٹیم میں اس وقت کیدار جادھو زخمی ہیں۔ جادھو کو آئی پی ایل کے دوران کندھے میں چوٹ لگ گئی تھی جس سے وہ آئی پی ایل کے باقی میچوں سے باہر ہو گئے تھے۔ اگرچہ سلیکٹروں نے کہا ہے کہ وہ 23 مئی تک جادھو کے فٹ ہونے کا انتظار کریں گے۔ہندوستانی بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ 23 مئی تک جادھو کے فٹنس کا انتظار کریں گے اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ سلیکٹروں نے ورلڈ کپ ٹیم کے لئے تین ریزرو کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے جس میں امباٹي رائیڈو، پنت اور تیز گیند باز نوديپ سینی شامل ہیں۔سلیکٹروں نے 11 جولائی سے شروع ہونے والے ہندوستان اے ٹیم کے ویسٹ انڈیز کے دورے کے لئے پنت کو ون ڈے ٹیم میں وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا ہے۔ ہندوستان اے ٹیم اس دورے میں 11، 14، 16، 19 اور 21 جولائی کو پانچ روزہ میچ کھیلے گی۔

About the author

Taasir Newspaper