کھیل

ہندستان کی توقعات کا دار و مدار اوپننگ جوڑی پر

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-May-2019

نئی دہلی،(یو این آئی ) انگلینڈ کی سوئنگ اور اچھال لینے والی پچوں پر ہندستان کی خطاب جتانے کی امیدوں کا دارومدار بہت حد تک شکھر دھون اور روہت شرما کی تجربہ کار اوپننگ جوڑی پر رہے گا۔شکھر اور روہت جوڑی اس وقت عالمی کرکٹ میں سب سے تجربہ کار اوپننگ جوڑی مانی جاتی ہے اور اوپننگ میں بائیں اور دائیں ہاتھ کا تال میل اپوزیشن ٹیموں کے لئے سر درد رہتا ہے۔ شکھر اور روہت طویل عرصے سے ہندستان کے لئے کھیل رہے ہیں اور ایک دوسرے کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ہندستانی ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان روہت کے نام ون ڈے کرکٹ میں 264 رن کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا عالمی ریکارڈ ہے اور ان کے نام ون ڈے میں تین ڈبل سنچری درج ہیں۔ہٹ مین کے نام سے مشہور روہت ون ڈے میں 206 میچوں میں 8010 رنز بنا چکے ہیں جس میں 22 سنچری اور 41 نصف سنچری شامل ہیں۔ ان 22 سنچریوں میں سے 13 سنچری تو غیر ملکی زمین پر بنی ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کی زمین پر دو سنچری بنائی ہیں۔بائیں ہاتھ کے بلے باز شکھر نے 128 ون ڈے میں 16 سنچریوں اور 27 نصف سنچریوں کی مدد سے 5355 رنز بنائے ہیں۔ شکھر کی 16 سنچریوں میں سے 11 سنچری تو غیر ملکی زمین پر بنی ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کی زمین پر تین سنچری بنائی ہیں۔حال میں ختم ہوئے آئی پی ایل میں دونوں اوپنروں کا مظاہرہ تسلی بخش رہا تھا۔ دہلی كیپٹلس کی جانب سے کھیلنے والے شکھر نے 16 میچوں میں 521 رن بنائے اور سب سے زیادہ رن بنانے میں وہ چوتھے نمبر پر رہے۔ ان کی اس کارکردگی نے دہلی کو چھ سال بعد پلے آف میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔آئی پی ایل -12 میں چمپئن بنی ٹیم ممبئی انڈینس کے کپتان روہت نے 15 میچوں میں 405 رن بنائے۔ اگرچہ رن بنانے کے معاملے میں روہت تھوڑا پیچھے رہے لیکن انگلینڈ میں ان پر کافی دارومدار رہے گا۔ہندستان کی ورلڈ کپ ٹیم میں تیسرے اوپنر اور ٹاپ آرڈر کے بلے باز کے طور پر لوکیش راہل موجود ہیں جنہوں نے آئی پی ایل میں 14 میچوں میں 593 رن بنائے اور سب سے زیادہ رن بنانے میں ڈیوڈ وارنر کے بعد دوسرے نمبر پر رہے۔ اگر ورلڈ کپ میں شکھر یا روہت میں سے کسی کا مظاہرہ توقعات کے مطابق نہیں رہتا تو راہل ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔ون ڈے کرکٹ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو شکھر اور روہت چوتھی سب سے زیادہ کامیاب جوڑی ہے۔

About the author

Taasir Newspaper