آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ سے قبل کرکٹروں کیلئے خصوصی الرٹ جاری

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-May-2019

دبئی،(یو این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ورلڈ کپ کے موقع پر ایک بار پھر کرکٹرز کو میچ فکسنگ نقصانات سے یاددہانی کرا دی گئی ہے۔اس سلسلہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ سے قبل کرکٹروں کیلئے خصوصی الرٹ جاری کردیا۔ اس کے ساتھ ہی ان پر یہ بھی واضح کردیاگیاکہ وہ اس حوالہ سے پوری طرح چوکنا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے حال ہی میں سری لنکا کے تین آفیشلز کے خلاف کرپشن چارجز عائد کرنے کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ وہ کرپشن کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے پہلے سابق پلیئر و کوچ نووان زوئیسا اور اویشکا گوناوردنے کو مختلف چارجز کا 14 روز کے اندر جواب دینے کو کہا گیا اور ابھی 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ نیشنل ٹیم کے پرفارمنس اینالسٹ سنتھ جے سندرا کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا، وہ بھی پہلے سے ہی کرپشن چارجز کی وجہ سے معطل ہیں، ان پر مختلف الزامات ہیں، ان میں وزیر کھیل ہیرن فرنانڈو کو رشوت کی پیشکش بھی شامل ہے۔رواں برس فروری میں سری لنکا کے ورلڈ کپ فاتح پلیئر سنتھ جے سوریہ پراینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی اور تفتیش کاروں سے تعاون نہ کرنے پر 2 برس کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ آئی سی سی کی جانب سے میگا ایونٹ میں شریک تمام پلیئرز پر واضح کردیا گیا ہے کہ وہ مشکوک افراد سے خبردار رہیں اور کسی بھی غلط سرگرمی کی فوری طور پر رپورٹ کریں۔