برطانیہ: امیرترین افراد میں ہندوجا برادران سرفہرست

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-May-2019

لندن،بھارتی نژاد برطانوی ارب پتی ہندوجا برادران ملک میں امیر ترین افراد کی فہرست سنڈے ٹائمز رچ لسٹ میں تیسری بار پہلے نمبر پر آئے ہیں۔پچھلے سال شری اور گوپی ہندوجا کی دولت میں 1.356 ارب برطانوی پاؤنڈ کا اضافہ ہوا اور اخبار کے اندازوں کے مطابق اْن کی کل دولت 22 ارب پاؤنڈ ہے۔ہندوجا گروپ نامی خاندانی کاروبار 1914 میں ممبئی میں قائم کیا گیا تھا اور اِس وقت ان کے کاروبار میں تیل، گیس، بینکنگ، آئی ٹی اور جائیداد میں سرمایہ کاری شامل ہے۔لندن میں ان کی ملکیت میں وائٹ ہال کا مشہور اولڈ وار آفس بھی شامل ہے جسے وہ ایک پرتعیش ہوٹل بنانا چاہتے ہیں۔لندن میں رہائش پذیر برطانوی شہری شری اور گوپی 79 برس کے ہیں اور اْن چار بھائیوں میں سے ہیں جو اس بڑے کاروبار کو چلاتے ہیں۔دونوں بھائی اس سے پہلے 2014 اور 2017 میں امیر ترین افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر آئے تھے۔اس فہرست میں برطانیہ کے 1000 امیر ترین افراد کی دولت کا اندازہ پیش کیا جاتا ہے۔ اخبار دی سنڈے ٹائمز کے مطابق اس فہرست کی بنیاد قابل توثیق زمین، جائیداد، کمپنیوں میں حصص اور قیمتی فن پاروں کی ملکیت وغیرہ شامل ہوتے ہیں جبکہ لوگوں کے بینکوں میں موجود دولت کو نہیں گنا جاتا۔کرسٹن راؤزنگ کا تعلق اْس راؤزنگ خاندان سے ہے جن کا کاروبار مشہور ٹیٹرا پیک کارٹن کا ہے۔ وہ فہرست میں امیر ترین خاتون ہیں اور اپنے بھائی جارن راؤزنگ کے ہمراہ 12.256 ارب پاؤنڈ کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔دوسری جانب ویلری موران پہلی سیاہ فام خاتون بزنس ومن ہیں جو اخبار کی امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل کی گئی ہیں۔زمبابوے میں پیدا ہونے والی ویلری موران 122 ملین پاؤنڈز کے ساتھ اپنے شوہر کے ہمراہ 970ویں نمبر پر ہیں۔