راجیو کمار کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا، گرفتاری پر لگی روک ہٹائی گئی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-May-2019

نئی دہلی، (ایجنسی): سپریم کورٹ نے شاردا چٹ فنڈ کیس میں مغربی بنگال کے آئی پی ایس افسر راجیو کمار کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ کورٹ نے راجیو کمار کی گرفتاری پر لگی روک ہٹا دی ہے۔ کورٹ نے راجیو کمار کو سات دن کا وقت دیا ہے کہ وہ اہل کورٹ کے سامنے اپیل دائر کر سکیں۔ یعنی راجیو کمار کو سات دنوں تک گرفتار نہیں کیا جا سکتا ہے۔ کورٹ نے کہا کہ ہمارے حکم کا مطلب یہ نہیں ہے کہ سی بی آئی کو راجیو کمار کو گرفتار کرنے کا حکم مل گیا ہے۔ سی بی آئی قانون کے مطابق کام کرے گی ۔ گزشتہ 2 مئی کو کورٹ نے اس مسئلے پر فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ سماعت کے دوران راجیو کمار کی جانب سے سینئر وکیل اندرا جے سنگھ نے کہا تھا کہ راجیو کمار کے بارے میں جو کچھ بھی کہا گیا ہے وہ بنی بنائی باتیں ہے۔ 2015 میں حکومت نے انہیں شاندار خدمات کے لئے صدرجمہوریہ ایوارڈ سے نوازا گیا اور اس کے بعد ایسا کیا ہوا کہ وہ حراست میں پوچھ گچھ کرنا چاہتے ہیں؟ اندرا جے سنگھ نے کہا تھا کہ اس معاملے میں کوئی مجرمانہ ارادہ نہیں ہے۔ اس کے علاوہ انہیں اس معاملے میں مکمل طور پر ذمہ دار نہیں بنایا جا سکتا ہے۔ حراست میں پوچھ گچھ کے لئےدرخواست کو مسترد کر دیا جانا چاہئے۔ اندرا جے سنگھ نے کہا تھا کہ سی بی آئی نے 40 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ہے اور اب انہیں حراست میں لے کر پوچھ گچھ کرنے کی ضرورت کیوں ہے؟ یہ صرف میڈیا ٹرائل کے لئے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سی بی آئی ڈائریکٹر نے ایک حلف نامہ دائر کیا تو صرف بے ضابطگیوں کا الزام لگایا گیا تھا اور اس الزام کے لئے زیادہ سے زیادہ محکمہ جاتی انکوائری کی جا سکتی ہے۔