رمضان المبارک رحمتوں ، برکتوں اور نزول قرآن کا مہینہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-May-2019

دیوبند(دانیال خان) رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں اورنزول قرآن کا مہینہ ہے،اللہ نے اپنے بندوں کے گناہ کو معاف کرنے کیلئے رمضان المبارک جیسا عظیم مہینہ تحفہ میں دیاہے،اس مبارک مہینہ میں قرآن سے آگاہی ،احکامات الہی سے باخبری ،طاعت ربانی پر آمادگی اور قرآن کریم کی ہدایات سمجھنے اور اسے عام کرنے کی غرض سے مختلف انداز میں کوششیں کی جاتی ہیں ،ایسی ہی ایک کوشش مسلم پرسنل لاء بورڈ کی خاتون رکن جامعہ الہامیہ مدرستہ البنات دیوبند کی ناظمہ آپا خورشیدہ خاتون کے ذریعہ ان خواتین کے حوالہ سے کی جا رہی ہے جو گھریلومصر وفیات میں الجھی رہتی ہیں اور بمشکل وقت فارغ کر پاتی ہیں ۔ان خواتین اور نو عمر لڑکیوں کو تعلیم قرانی سے روشناس کرانے کی غرض سے ریتی چوک محلہ پٹھانپورہ گلی خمران میں واقع تعلیم نسواں کی مرکزی درسگاہ میں صبح 10بجے سے 12بجے تک روزانہ درس اور تفسیر کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں بڑی تعداد میں علاقہ کی خواتین شریک ہو رہی ہیں ،منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے آپا خورشیدہ خاتون نے خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ قرآن فہمی میں کسی سے پیچھے نہ رہیں قرآنی دستور کو سمجھیں اور قرآن کی ہدایت کی روشنی میں اپنی زندگی گزارنے کی کوشش کریں اور قرؤن و حدیث کی ہدایات و احکامات کی روشنی میں نسل نو کی پرورش کے لئے آگے بڑھیں ۔انہوں نے کہا کہ رمضان کی فضیلت اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں بیان کی ہے جو شخص رمضان کا احترام کرتا ہے اسے قرآن کریم کا بھی احترام کرنا ہوگا ، جو شخص قرآن کریم کااحترام کرتا ہے اسے رمضان المبارک کا احترام کرنا ہوگا رمضان اور قرآن کریم کی آپس میں یہی نسبت ہے جب رمضان المبارک کا چاند نظر آتا ہے تو قرآن پہلے پڑھا جاتا ہے اور روزہ بعد میں رکھا جاتا ہے یعنی چاند نظر آنے پر تراویح پہلے پڑھی جاتی ہے جس میں قرآن کریم پڑھا جاتا ہے اور پھر روزہ رکھا جاتا ہے ۔ علماء فرماتے ہیں کہ رمضان المبارک میں کم از کم دو قرآن ختم کرنا چاہئیں ، انہوں نے کہا کہ کلام الہی کو رمضان المبارک سے خاص مناسبت ہے ۔ رمضان میں تراویح کا تقرر بھی قرآن شریف پڑھنے اور سننے کیلئے تمام دن روزہ میں مشغولیت اور رات کو تراویح میں ذوق و شوق کے ساتھ قرآن شریف سنانا یا سننا اس عمل سے مومن کے قلب میں وہ کیفیات پیدا ہوتی ہیں جن سے قلبی صلا حیتیں سدھرنے اور بیدار ہونے لگتی ہیں یہ دونوں شغل روز قیامت مومن کے مددگار ہو ں گے ۔ حضرت محمد مصطفی ﷺ حضرت جبرائیل امین ؑ کے ساتھ رمضان المبارک میں قرآن کریم کے دور کرنے کا معمول تھا گویا رمضان المبارک میں قرآن کریم کا سننا اور سنانا جناب رسول مقبول ؐ اور حضرت جبرائیل ؑ کی مشترکہ سنت ہے۔