مودی اپوزیشن اتحاد میںدراڑ پیدا کرنا چاہتے ہیں: مایاوتی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-May-2019

گورکھپور:(یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی سپریمو مایاوتی نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی سخت تنقید کرتےہوئے جہاں ان کے او بی سی سماج سے ہونے پر سوال کھڑا کیا تو وہیں الزام لگایا کہ مودی یو پی میں اپوزیشن کے عظیم اتحاد میں تفریق پیدا کرنا چاہتے ہیں۔بی ایس پی سپریمو نے واضح کیاکہ ہم لوگوں نے مودی کے ذات کے بارے میں کبھی کوئی سوال نہیں کیا بلکہ ہم نے صرف اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ مودی اکھلیش کی طرح پیدائشی طور پر او بی سی یا پچھڑی ذات سے نہیں ہیں۔ لیکن اب وہ الیکشن کےدوران اس ضمن میں تما م طرح کا ڈرامہ کر کے الیکشن کا فائدہ لینا چاہتے ہیں۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے ہر کام پچھڑے طبقات کے خلاف کیا ہے ۔ایس پی۔ بی ایس پی۔ آر ایل ڈی کی جانب سے منعقد مشترکہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے دعوی کیا کہ یو پی میں ہمارا اتحاد مضبوط اور دائمی ہے۔نیز مرکز سے مودی کو بے دخل کرنے کے بعد ہم ریاست سے یوگی کی جڑی اکھاڑ پھنکیں گے۔23 تاریخ کو مودی اور شاہ کے برے دن کا آغاز ہوگا اور یوگی بھی جلد ہی اپنے ’مٹھ‘ میں لوٹ جائیں گے۔محترمہ مایاوتی نےکہا کہ گذشتہ چھ مرحلوں نے ریاست میں ’عظیم اتحاد ‘ کو واضح اکثریت دی ہے اور ساتواں مرحلہ مزید بی جے پی کے دائرے کو تنگ کردیے گا۔اس موقع پر انہوں نے کانگریس کو بھی اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ملک کے غریبی نہ ختم کرپانے کے لئے کانگریس کو مورد الزام ٹھہرایا۔مایاوتی نے رائےدہندگان سے اپیل کرتےہوئے کہا کہ بی جے پی کے جھوٹے وعدوں میں پڑنے سے محتاط رہتے ہوئے ہرجگہ اتحاد کے امیدوار کےحق میں اپنا ووٹ دیجئے۔ورنہ وہ 2014 کی طرح ایک بار پھر دھوکہ دیں گے ۔سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتےہوئے کہا کہ مودی نے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنی کا وعدہ کیا تھا لیکن اب کسانوں کے اکاونٹ سے کسان سمان یوجنا کے تحت پیسے واپس لئے جارہے ہیں۔مودی کسانوں کی بے عزتی کررہے ہیں۔گورکھپور اور اس کے اطراف میں ایس پی حکومت کے میعاد کار میں ترقیاتی کاموں کا تذکر ہ کرتےہوئے کہا کہ یہ ایس پی ہی تھی جس نے کورکھپور اور اس کے آس پاس ترقی کا کام کیااور ایمس کی تعمیر شروع کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں یوگی کی دوسالہ میعاد کار مرکز میں نریندر مودی کی 5 سالہ میعاد کی طرح پوری طرح سے ناکام رہا ہے۔ آوارہ مویشیوں کےذریعہ معصوم لوگوں کی موت کا ذمہ دار یوگی حکومت کو ٹھہراتےہوئے اکھلیش نے کہا کہ ان اموات کےلئے یوگی کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ جب نام نہاد چوکیداروں سے ان کی چوکی چھین لی جائے اور ایسی جمہوری حکومت کا انتخاب کیا جائے جو لوگوں کے لئے کام کرتی ہو۔