نتیش کمار ہیں ہمارے ووٹ کے سچے حقدار: خالد انور

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-May-2019

بہار شریف ،(توصیف جمال):نالندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں جنتا دل یو نائٹیڈ کے لیڈروں کی جدو جہد جاری ہے ۔ بہار قانون ساز کونسل کے ممبر ڈاکٹر خالد انور ، جے ڈی یو کے لیڈر مسٹر منا صدیقی ، شہر کے صدر جناب محمود عالم اور آفتاب عالم وغیرھم کا ایک و فد نالندہ لوک سبھا حلقہ کے مسلم علاقوں کا دورہ کر کے ان سے رابطہ استوار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان لوگوں نے بہار شریف کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ راج گیر ، سلائو، اسلام پور اور استھاواں کے ایک اقلیتی بستیوں کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر خالد انور اور منا صدیقی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نتیش کمار سیکولرزم کے لئے ایک آئیڈیل لیڈر ہیں ۔انہوں نے اپنے اصولوں سے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انصاف کے ساتھ ترقی نہ صرف ان کا نعرہ ہے بلکہ عملی طور پر انہوں نے تمام طبقات کے لئے کام کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ترقی میں کسی بھی قسم کی عصبیت نہیں کی جا سکتی۔ نتیش کمار نے اپنے 13 سالہ دور حکومت میں بہار کے مسلمانوں کے لئے جو فلاحی اقدامات اٹھائے ہیں وہ تاریخ ساز ہیں۔ ڈاکٹر خالد انور نے رابطہ مہم کے دوران کہا کہ نتیش کمار جیسے لیڈر کم پیدا ہو تے ہیں ۔ جو اپنی محنت ، ایمانداری اور لگن کے ذریعہ قوموں کو بلندیوں پر لے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد رکھنے کے با وجود فرقہ پرستانہ سوچ سے سمجھوتہ نہ کر نا اور مسلم پرسنل لا ، بابری مسجد، دفعہ 370،این آر سی ایکٹ اور طلاق بل جیسی ایشوز پر مضبوط اسٹینڈ لینا اور بی جے پی کی شدید مخالفت کر نا ان کی شخصیت کو بلند کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات ایمانداری ،محنت اور عوامی کاموں سے لگن کو دیکھتے ہوئے جے ڈی یو کے امید واروں کو بڑی تعداد میں لوگ ووٹ کر رہے ہیں ۔ کنبہ پر وری، بد عنوانی اور کرپشن کو لوگوں نے رد کر نا شروع کر دیا ہے۔ نالندہ لوک سبھا حلقہ سے جے ڈی یو امید وار کوشلیندر کمار کی حمایت میںمسلسل رابطہ مہم میں مصروف ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کنبہ پروری سے او پر اٹھ کرانصاف کے ساتھ حکمرانی کی ہے اور پورے بہار میں ترقی کا جال بچھایا ہے ۔ جہاں پندرہ سالہ میاں بیوی کے اقتدار نے اسکولی عمارتوں کو جانوروں کی آماجگاہ بنادیا تھا وہیں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت نے ان عمارتوں کو نئی شکل و صورت دے کر اسے بہار کے نو نہالوں کے سپرد کیا ۔ آج قطار بند ہو کر بچے اسکول جارہے ہیں اور تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ہر ایک بچے کو مفت تعلیم اور مفت کتاب و لباس دینے کا ہی نتیجہ ہے کہ 2005 میں جہاں تقریباً 13 فیصد بچے اسکول سے باہر ہوا کر تے تھے اب ایک فیصد سے بھی کم رہ گئے ہیں ۔ بہار میں اتنی بڑی تبدیلی کسی معجزہ سے کم نہیں ۔ جے ڈی یو رکن قانون ساز کونسل نے کہا کہ نالندہ چونکہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا آبائی ضلع ہے اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری آر سی پی سنگھ کا بھی تعلق اسی سرزمین سے ہے۔ ان دونوں عظیم قائد کی سرپرستی میں یہاں بیش بہا ترقیاتی کام ہوئے ہیں ۔سڑک سے لے کر اسکول اور ہر گلی محلے تک ترقی کے جال بچھے ہوئے ہیں،ہر گھرمیں بجلی اور پانی کی فراہمی ہے ۔ یہاں کے لوگ بھی وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ان کاموں کی حد درجہ ستائش کر تے ہیں ۔ ڈاکٹر خالد انور نے لوگوں سے اپیل کی کہ اب ہمارا کام ہے کہ کام کرنے والوں کی قدر کریں اور ان کے ذریعہ کئے گئے ترقیاتی کاموں کو جاری رکھنے کے لئے جے ڈی یو امید وار کوشلیندر کمار کے ہاتھوں کو مضبوط کریں تا کہ ہمارے بیچ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی منصفانہ قیادت قائم رہ سکے ۔