دہلی ریاست

عدالت نے رابرٹ واڈرا کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-June-2019

نئی دہلی(یواین آئی)منی لانڈرنگ معاملے کا سامنا کرنے والے کانگریس صدر راہل گاندھی کے بہنوئی اور کاروباری رابرٹ واڈرا کو علاج کےلئے بیرون ملک جانے کی پیر کو خصوصی عدالت نے اجازت دے دی۔مسٹر واڈرا نے ٹیومر کے علاج کےلئے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگی تھی۔

خصوصی عدالت کے جسٹس اروند کمار نے مسٹر واڈرا کو چھ ہفتے کےلئے امریکہ اور ہالینڈ جانے کی اجازت دی ہے۔

انہوں نے اپنی عرضی میں لندن جانے کی اجازت مانگی تھی۔مسٹر واڈرا کی عرضی پر سماعت کرکے آج کےلئے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔مسٹر واڈرا پر لندن میں 19لاکھ پونڈ میں جائیداد خریدنے کا حوالہ معاملہ چل رہا ہے۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے شوہر کی طرف سے وکیل کے تی ایس تلسی عدالت میں حاضر ہوئے۔انہوں نے عدالت سے کہا کہ اگر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو مسٹر واڈرا کے لندن جانے پر اعتراض ہے تو وہ وہاں نہیں جائیں گے۔

ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے سولیکٹر جنرل تشار مہتا اور وکیل نتیش رانانے عدالت میں مسٹر واڈرا کی عرضی کی مخالفت کی۔جسٹس کمار نے دونوں فریقوں کو سننے کے بعد واڈرا کو چھ ہفتے کےلئے امریکہ اور ہالینڈ جانے کی اجازت دے دی۔عدالت نےمسٹر واڈرا کو اپنے بیرون ملک سفر کے پروگرام کو سونپنے کا حکم بھی دیا ہے

About the author

Taasir Newspaper