ہندستان ہندوستان

مالیگائوں دھماکہ: چار بھگوا ملزمین کو ہائی کورٹ سے ضمانت

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-June-2019

ممبئی (پریس ریلیز)ممبئی ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ نے مالیگائوں ۲۰۰۶ ء بم دھماکہ معاملے میں گرفتار چار بھگوا ملزمین کو مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے نیز بھگواملزمین کی جانب سے مسلم ملزمین کے ڈسچارج کے خلاف داخل عرضداشت پر فور ی سماعت کرنے سے انکار کردیا ۔ممبئی ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس اندرجیت موہنتی اور جسٹس بد ر نے آج کھلی عدالت میں اپنا فیصلہ پڑھ کر سناتے ہو ئے کہا کہ ملزمین کو مشروط ضمانت پر رہا کیا جارہا ہے نیز انہیں نچلی عدالت میں دوران سماعت حاضر رہنا ہوگا ۔ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ار شد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے کہا کہ ملزمین دھان سنگھ،لوکیش شرما، منوہر نرواریا اور راجندر چودھری کو حالانکہ ممبئی ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے لیکن جمعیۃ علماء بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے ملزمین کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیئے سپریم کورٹ سے رجوع کریگی۔ گلزار اعظمی نے مزید بتایا کہ متاثرین کی جانب سے عدالت میں سینئر ایڈوکیٹ بی اے دیسائی نے تقریباً تین دنوںن تک بحث کی لیکن عدالت نے اے ٹی ایس اور این آئی اے کی چارج شیٹ میں موجود تضاد کا ملزمین کو فائدہ دیتے ہوئے انہیں مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے ۔آج بھی سینئر وکیل نے عدالت سے گذارش کی کہ اس معاملے کی نچلی عدالت میں روز بہ روز سماعت شروع کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے جائیں جس پر عدالت نے کوئی بھی فیصلہ صادر نہیں کیا اور کہا کہ اس تعلق سے دیگر عرضداشتوں کی سماعت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔گلزار اعظمی نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ موصول ہونے کے بعد سینئر وکلاء سے صلاح و مشورہ کیا جائے گا نیز ملزمین کی ضمانت منسوخ کرنے کے تعلق سے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔خیال رہے کہ دورن بحث بھگوا ملزمین کے وکلاء نے کانگریس پارٹی پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے سیاسی مفاد کے مد نظر 9 مسلم نوجوانوں کو مقدمہ سے ڈسچارج کرانے میں اہم کردار ادا کیا اور اس کے بعد 4 دیگر ملزمین (ہندو)ملزمین کی گرفتاری عمل میں آئی ۔واضح رہے کہ سن ۲۰۱۶ء میں خصوصی این آئی اے عدالت نے مالیگائوں ۲۰۰۶ ء بم دھماکہ معاملے کے نو مسلم نوجوانوںکو مقدمہ سے ڈسچارج کردیا تھا نیز قومی تفتیشی ایجنسی NIA نے ملزمین دھان سنگھ،لوکیش شرما، منوہر نرواریا اور راجندر چودھری کو مالیگائوں 2006 بم دھماکہ کرنے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا۔

About the author

Taasir Newspaper