کھیل

پنت شیکھر کے کور کے طور پر انگلینڈ جائیں گے

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-June-2019

لندن،(یو این آئی)نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت زخمی اوپنر شیکھر دھون کے کور کے طور پر عالمی کپ کی ہندوستانی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے انگلینڈ جائیں گے لیکن 15 رکنی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے انھیں انتظار کرنا ہوگا۔ ہندوستان کو عالمی کپ میں تیسرا میچ جمعرات کو ناٹنگھم میں نیوزی لینڈ سے کھیلنا ہے۔ وہ بدھ کو انگلینڈپہنچیں گے۔ لیکن وہ تب تک ٹیم میں شامل نہیں ہوپائیں گے جب تک ٹیم مینیجمنٹ شیکھر کو عالمی کپ سے باہر کرنے کا اعلان نہیں کرتی۔ آئی سی سی کے ضابطے کے مطابق ایک بار کھلاڑی کو باہر کیے جانے کی صورت میں اسے دوبارہ ٹیم میں شامل نہیں کیا جا سکتا ہے جب تک کوئی دوسرا کھلاڑی زخمی نہ ہو جائے۔ پنت ہندوستانی ٹیم کے ساتھ اعلان کیے گئے پانچ آپشنل کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ ہندوستان کی گذشتہ چیمپیئن آسٹریلیا کے خلاف شاندار فتح میں سنچری بنانے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر شیکھر دھون کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر ہے لیکن ٹیم نے ابھی تک انھیں عالمی کپ سے باہر نہیں کیا ہے۔ فی الحال شیکھر ٹیم انڈیا کے ساتھ ہیں اور ان کے زخم پر نظر رکھی جائے گی۔ شیکھر کے انگوٹھے میں فریکچر کی خبر آتے ہی گذشتہ روز کہا گیا تھا کہ وہ اس زخم کی وجہ سے کم از کم تین ہفتے تک کرکٹ سے دور رہیں گے اور عالمی کپ سے باہر بھی ہو جائیں گے۔ لیکن شام تک یہ بتایا جانے لگا کہ وہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے خلاف آئندہ دو میچ نہیں کھیل پائیں گے مگر رات میں یہ خبرآئی کہ شیکھر انگلینڈ میں ہندوستانی ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور آخری فیصلہ کرنے سے پہلے ان کے انگوٹھے کے زخم کا طبی جائزہ لیا جائے گا۔بی سی سی آئی اور ہندوستانی سلیکٹرز نے آئندہ ایک دو میچ تک ان کے زخم اور ان کی حالت کا جائزہ لیتے رہیں گے اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ لیکن ایک زخمی کھلاڑی کے سلسلے میں آئندہ میچوں میں اترنا ٹیم کے لحاظ سے اچھانہیں ہے۔ عالمی کپ کے لیے جب ہندوستانی ٹیم کا اعلان ہوا تھا تب پنت کا منتخب نہ کیا جانا بحث اور تنقید کا موضوع بن گیا تھا۔ ٹیم مینیجمنٹ کی درخواست پر پنت کو کور کے طور پر انگلینڈ بلایا گیا ہے۔ پنت نے گذشتہ ایک سال کے اندر بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں سنچری بھی بنائی تھی۔ سابق ہندوستانی اوپنر سنیل گواسکر سمیت کئی سابق قد آور کھلاڑیوں نے شیکھر کے باہر ہونے کی صورت میں ان کی جگہ پنت کو ٹیم میں شامل کرنے کی وکالت کی تھی۔

About the author

Taasir Newspaper