ہندستان ہندوستان

کتابوں سے ٹوٹتے رشتوں کو جوڑنا بہت ضروری : ڈاکٹر شیخ عقیل احمد

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-June-2019

نئی دہلی کشمیر: صارفیت کے اس عہد میں کتاب کلچر سے قارئین اور عوام کا رشتہ ٹوٹتا جارہا ہے، ایسے میں عوام کو کتابوں سے قریب لانے کے لیے کتاب میلے کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ اگر کتابوں سے رشتہ ٹوٹ گیا تو ہم اپنی تاریخ اور تہذیب سے بھی محروم ہوجائیں گے۔ کتابیں ہماری تاریخ اور تہذیب کا تحفظ کرتی ہیں اور ہمیں انسانی اقدار سے روشناس کراتی ہیں۔ اسی مقصد کے تحت قومی اردو کونسل ہندوستان کی مختلف ریاستوں اور اضلاع میں کتاب میلے کا انعقاد کرتی رہی ہے۔اب تک قومی اردو کونسل کے زیراہتمام کل ہند سطح پر22 کتاب میلوں کا انعقاد ہوچکا ہے اور ان کتاب میلوں کی شاندار پذیرائی بھی ہوئی ہے، اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے قومی اردو کونسل جنت ارضی کشمیر میں علامہ اقبال لائبریری کشمیر یونیورسٹی کے اشتراک سے 15 جون سے کتاب میلہ منعقد کرنے جارہی ہے جس کا افتتاح کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر جناب طلعت احمد، ڈاکٹر فاروق عبداللہ (سابق وزیراعلیٰ، کشمیر) کریں گے۔ یہ باتیں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے بتائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس میلے میں ہندوستان کے تقریباً 51 اہم اشاعتی اداروں کی شرکت متوقع ہے۔ اس میلے میں ناظرین کی دلچسپی کا خیال رکھتے ہوئے صبح سے شام ادبی وتہذیبی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جن میں نعتیہ مقابلہ،سرٹیفیکیٹ تقسیم اسناد، سمینار(کتابیں ہم نشیں میری)مصنف سے ملاقات،بیت بازی،جموں وکشمیر میں اردو صحافت کا مستقبل، موسیقی پروگرام،نظم گوئی اہم ہیں۔ اس 9 نوروزہ کتاب میلے میں فن خطاطی کی نمائش کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کونسل اور کشمیر کے حوالے سے کہا کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ملک کے مختلف حصوں میں کمپیوٹر،اردو،عربی اور فارسی کے مراکز چلا رہی ہے۔ کشمیر میں بھی 160سینٹر ہیں جن میں12199طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ان مراکز کے انچارج کے ساتھ 16جون2019بوقت11بجے بمقام علامہ اقبال لائبریری،کشمیر یونیورسٹی کشمیر میں یک روزہ مذاکرہ اور CABA.MDTP کے کامیاب طلبہ کے لیے تقسیم اسناد کا پروگرام منعقد کر رہی ہے۔23ویں کل ہند اردو کتاب میلے کے حوالے سے نامہ نگاروں کو خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال لائبریریکشمیر یونیورسٹی کے لائبریرین اور کتاب میلے کے کوآرڈینیٹر غلام مصطفی پیر زادہ نے قومی کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ این سی پی یو ایل نے ہر شخص کے ذوق اور صلاحیت کے مطابق ہر موضوع پر کم قیمت پر کتابیں مہیا کرا کر کشمیر کے عوام کو سنہرا موقع فراہم کیا ہے ۔ہم ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس موقعے کا فائدہ اٹھائیں۔ پریس کانفرنس میں ایف ایم ریڈیو92.7سے محترمہ فرہوما اقبال اور قدیر احمد خان کتاب میلے کے میڈیا پارٹنرکی حیثیت سے موجود تھے۔ کتاب میلے کے لیے ان دونوں نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا

About the author

Taasir Newspaper