کھیل

یوراج سنگھ بہتر الوداعی کے حقدار تھے: روہت شرما

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-June-2019

ناٹنگھم(آئی این ایس انڈیا) بھارتی اوپنر روہت شرما نے یوراج سنگھ کے اتار چڑھاؤ سے معمور کیریئر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسٹائلش بلے باز 17 سال تک اعلیٰ درجے کرکٹ کے بعد بہتر الوداعی کا حقدار تھا۔ بھارتی ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آپ کو کسی چیز کی اہمیت کا اس وقت علم ہوتا ہے ، جب وہ آپ کے پاس نہیں ہوتی ہے ۔ بھائی !آپ کو بہت سارا پیار۔ ہندوستان کی طرف سے ویسٹ انڈیز کے خلاف جون 2017 میں اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیلنے والے یوراج سنگھ نے پیر کو ممبئی میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ اس دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ بی سی سی آئی نے ’’یو یو‘‘ ٹیسٹ میں ناکام ہونے پر انہیں الوداعی میچ کی تجویز دی تھی۔ یوراج اگرچہ ’یو یو‘ ٹیسٹ میں کامیاب رہے اور انہیں الوداعی میچ کھیلنے کا موقع کبھی نہیں ملا۔ اپنے 17 سال کے بین الاقوامی کیریئر کے دوران وہ 2007 میں ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2011 میں ایک روزہ عالمی کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ تھے۔یوراج نے بھارت کی جانب سے 40 ٹیسٹ، 304 ون ڈے اور 58 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے۔ انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 1900 اور ون ڈے میں 8701 رنز بنائے۔ ٹی 20 بین الاقوامی میں ان کے نام پر 1177 رن درج ہیں۔یوراج بھی وریندر سہواگ، راہل دراوڑ، وی وی ایس لکشمن اور گوتم گمبھیر جیسے قدآور کھلاڑی میں شامل ہیں جنہیں بین الاقوامی کرکٹ میچ کے ذریعے الوداعی نہیں ملی۔ سابق کپتان سورو گنگولی کی قیادت میں یوراج کا کریئر پروان چڑھا اور گنگولی نے نے بھی اس کھلاڑی کی تعریف کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ہر اچھی چیز کا اختتام ہوتا ہے، آپ میرے بھائی کی طرح ہیں ۔

About the author

Taasir Newspaper