آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دھماکہ خیز مقابلہ کی امید

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-June-2019

ٹاؤنٹن،(یو این آئی ) پانچ بار کے چمپئن آسٹریلیا اور ایک بار کے فاتح پاکستان کے درمیان بدھ کو یہاں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میچ میں دھماکہ خیز مقابلہ ہونے کی پوری امید ہے۔آسٹریلیا اور پاکستان نے ورلڈ کپ سے پہلے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز یو اے ای میں کھیلی تھی جسے آسٹریلیا نے 5-0 سے جیتا تھا۔ اس بنیاد پر آسٹریلیا اس میچ میں فتح کے دعویدار کے طور پر اترےگا لیکن ہندستان سے گزشتہ میچ میں شکست کے بعد اسے محتاط رہنا ہوگا۔ آسٹریلیا نے اپنے تین میچوں میں سے اب تک دو میچ جیتے ہیں اور اس کے اکاؤنٹ میں چار پوائنٹس ہیں۔پاکستان کے تین میچوں میں ایک جیت، ایک ہار اور ایک منسوخ سے تین پوائنٹس ہیں۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز سے پہلے میچ میں شکست کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے دنیا کی نمبر ایک ٹیم اور میزبان انگلینڈ کو 14 رنز سے ہرایا تھا۔ پاکستان کا سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی وجہ سے بغیر کوئی گیند پھینکے منسوخ ہو گیا تھا۔دونوں ٹیموں کے لئے چوتھا میچ خاصا اہم ہے اور اس میچ کے نتیجے سے ان کے لئے آگے کی سمت طے ہوگی۔ گزشتہ چمپئن آسٹریلیا کو ہندستان کے خلاف ملی شکست سے جھٹکا لگا ہے اور پاکستان اپنے پڑوسی کی جیت سے نفسیاتی فائدہ لے سکتے ہیں۔ ہندستان نے آسٹریلیا کے خلاف 352 رنز بنا کر چمپئن ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا تھا جبکہ پاکستان نے 348 رنز بنا کر انگلینڈ پر دباؤ بنایا تھا۔آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان اب تک 103 مقابلے ہوئے ہیں جس سے آسٹریلیا نے 67 میچ جیتے ہیں اور 32 ہارے ہیں۔ آسٹریلیا نے بلا شبہ پاکستان کو اس کی ہوم سیریز میں 5-0 سے شکست دی تھی لیکن انگلینڈ پر پاکستان کی جیت نے عالمی چمپئن کو اپنی حکمت عملی پر غور کرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔پاکستان کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بھی کہا ہے کہ ان کی ٹیم انگلینڈ پر جیت سے ملے اعتماد کے سبب موجودہ چمپئن آسٹریلیا کے خلاف اترے گی۔ حفیظ کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں تمام 10 ٹیموں کو شکست دی جا سکتی ہے، آسٹریلیا بے شک اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے لیکن اسے بھی شکست دی جا سکتی ہے۔ 38 سالہ حفیظ نے انگلینڈ کے خلاف 62 گیندوں پر 84 رن کی شاندار میچ فاتح اننگز کھیلی تھی۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ساتھ ہی کہا کہ پاکستان ٹیم اگرچہ آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ 14 مقابلوں میں صرف ایک میں جیت درج کر سکی ہے لیکن ٹیم آسٹریلیا کے خلاف جارحانہ رویہ کے ساتھ میدان میں اترے گی۔آسٹریلیا کی ٹیم ڈیوڈ وارنر اورا سٹیون ا سمتھ کی بلے بازی سے تو مضبوط ہے لیکن کپتان آرون فنچ اور عثمان خواجہ کو اپنی کارکردگی میں تسلسل دکھانا ہوگا۔