خاتون ورلڈ کپ کے پروگرام کا اعلان

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 20-June-2019

ویلنگٹن،(یواین آئی) آئی سی سی کرکٹ خاتون ورلڈ کپ کے پروگرام کا اعلان کردیا گیا ہے اور یہ ٹورنامنٹ 30 جنوری 2021 سے نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔نیوزی لینڈ پانچویں بار خود یا مشترکہ طور پر آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔ اس سے پہلے اس نے 1992 اور 2015 کے مرد عالمی کپ کی میزبانی کی تھی جبکہ 1982 اور 2000 میں خواتین عالمی کپ کی میزبانی بھی نیوزی لینڈ نے ہی کی تھی۔آئی سی سی کرکٹ خاتون ورلڈ کپ کا یہ 12 واں سیشن ہوگا۔ خاتون ورلڈ کپ میں کل 31 مقابلے کھیلے جائیں گے اور کل آٹھ ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ موجودہ درجہ بندی کے لحاظ سے آسٹریلیا، انگلینڈ، ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر سکتی ہیں جبکہ میزبان ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ اس میں کھیلے گا۔ تین دیگر ٹیمیں کوالیفائنگ کے ذریعے ٹورنامنٹ میں جگہ بنائیں گی۔انگلینڈ نے 2017 میں گزشتہ خاتون ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی جس میں انگلینڈ نے ہندوستان کو نو رنز سے شکست دے کر خطاب جیت لیا تھا۔ دلچسپ ہے کہ مرد عالمی کپ شروع ہونے سے دو سال پہلے خواتین ورلڈ کپ کا آغاز ہو گیا تھا۔ پہلا خاتون ورلڈ کپ 1973 میں انگلینڈ کی میزبانی میں کھیلا گیا تھا جبکہ پہلا مرد عالمی کپ 1975 میں انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا۔انگلینڈ چار بار خواتین ورلڈ کپ فاتح رہا ہے جبکہ آسٹریلیا نے چھ بار یہ خطاب اپنے نام کیاہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم تین بار رنر اپ رہی ہے۔ ہندوستان 2005 اور 2017 میں اس ٹورنامنٹ کی رنر اپ رہی ہے۔