راہل کے موبائل دیکھنے پر تنازعہ غیرضروری :کانگریس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-June-2019

نئی دہلی،(یواین آئی) کانگریس نے صدر کے خطاب کے دوران پارٹی صدر راہل گاندھی کے موبائل دیکھے جانے کے واقعہ پر پیدا ہوئے تنازعہ کو غیر ضروری قرار دیاہے۔کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے نامہ نگاروں کے سوالات کے جواب میں مسٹر گاندھی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے لیڈروں کا اس طرح کا تنازعہ کھڑا کرنا غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ کون کیا دیکھ رہا ہے اور کہاں دیکھ رہا ہے اس سلسلے میں کسی طرح کا تبصرہ کرنا غیر ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی جیسی پارٹی کو اس طرح کی باتوں پر تنازعہ پیدا کرنا زیب نہیں دیتا ہے۔مسٹر شرما نے کہا کہ مسٹر گاندھی صدر كووند کے خطاب کے سلسلے میں کچھ پوچھ گچھ کر رہے تھے کیونکہ تقریر پیچیدہ تھی اور اس سلسلے میں معلومات حاصل کرنا صدر کی توہین نہیں ہے۔مسٹر شرما نے یہ بھی کہا کہ خطاب کے دوران تو بی جے پی کے وزیر اور دیگر کئی لیڈر بھی ایک دوسرے سے بات چیت کر رہے تھے اور اسے مسئلہ بنایا جانا ٹھیک نہیں ہے۔