رواں مالی سال میں کمائی کرنے کے معاملہ میں لیونل میسی سر فہرست

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-June-2019

لندن،(یو این آئی) کھیلوں کی دنیا میں رواں مالی سال میں سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ارجنٹائنا کے اسٹرائیکر لیونل میسی بن گئے ہیں ، انھوں نے ہم عصر پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کو پیچھے چھوڑدیا۔امریکی میگزین ’فوربز‘ نے سال میں زیادہ آمدن پانے والے 100 ایتھلیٹ کی فہرست مرتب کی ہے۔ بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے لیونل میسی نے گذشتہ 12 ماہ میں 127 ملین ڈالر بینک کھاتوں میں جمع کرکے سب سے منفرد مقام حاصل کیا۔رئیل میڈرڈ کو چھوڑ کو اطالوی کلب یوونٹس میں جانے والے ان کے ہم عصر کرسٹیانو رونالڈو اس فہرست میں 109 ملین ڈالر آمدنی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، پیرس سینٹ جرمین میں شامل برازیلین اسٹار نیمار نے 105 ملین ڈالر حاصل کرکے تیسری پوزیشن پائی۔گزشتہ برس اس فہرست میں ٹاپ پوزیشن پانے والے امریکی باکسر فلوئیڈ مے ویدر اس بار فہرست میں جگہ نہیں بناسکے، ٹاپ 100 ایتھلیٹ میں سرینا ولیمز واحد خاتون ہیں، جن کی آمدنی رواں برس 29.2 ملین ڈالر رہی، پانچ بار کے فارمولہ ون ورلڈ چمپئن لوئس ہملٹن اور سابق ہیوی ویٹ ورلڈ چمپئن انتھونی جوشا مشترکہ طور پر 13ویں نمبر پر ہیں۔، ان دونوں کی آمدنی یکساں طور پر 55 ملین ڈالر رہی۔امریکی میگزین نے فہرست کی تیاری میں جون 2018 سے جون2019 تک ایتھلیٹس کی آمدنی کا جائزہ لیا ہے۔